زاہد بشیر
گول //گول بازار میں آئے روز لگنے والے ٹریفک جام نے شہریوں، خصوصاً سکولی بچوں، بزرگوں اور عام راہگیروں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ صبح اور شام کے اوقات میں بازار کی مین سڑک پر گاڑیوں کی طویل قطاریں معمول بن چکی ہیں، جس کے باعث لوگوں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ گول میں مناسب بس اسٹینڈ نہ ہونے کی وجہ سے مسافر بردار گاڑیوں کے علاوہ دوسری گاڑیاں سڑک کے کنارے ہی کھڑی رہتی ہیں، جبکہ دکانداروں اور دیگر افراد کی بے ترتیب پارکنگ بھی ٹریفک کی روانی میں بڑی رکاوٹ بنتی ہے۔ اس صورتحال کے باعث سکول جانے والے طلبہ و طالبات اکثر دیر سے اپنے تعلیمی اداروں تک پہنچتے ہیں، جبکہ مریضوں، بزرگ شہریوں اور دیگر راہگیروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔عوام نے بتایا کہ ٹریفک نظام کو منظم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات نہ ہونے کے باعث یہ مسئلہ دن بہ دن سنگین صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گول میں جلد از جلد ایک باقاعدہ بس اسٹینڈ قائم کیا جائے، غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور بازار میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی اہلکار تعینات کیے جائیں۔وہیں لوگوں نے سیاسی لیڈران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہاں پر بڑے بڑے دعوے الیکشنوں کے دوران کئے جاتے ہیں اور کئی سیاسی لیڈران کے منشور عوامی سہولیات سے بھرے پڑے تھے لیکن وہ عوامی سہولیات کہاں ہے اس کے برعکس لوگوں کو مشکلات میں ڈالاجا رہا ہے ۔ گول بازار میں ایک بس سٹینڈ کا ہونا لازمی ہے یہ ان لیڈران کا پہلا کام ہونا چاہئے تھا لیکن اگر مزیداس مسئلے کی طرف توجہ نہیں دی گئی تو آنے والے وقت میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ لوگوںنے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے اپیل کی ہے کہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس دیرینہ مسئلے کے مستقل حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو روزانہ پیش آنے والی پریشانی سے نجات مل سکے۔