کوٹرنکہ //کوٹرنکہ کی متعدد پنچایتوںمیں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے 21صدی میںبھی لوگ قدیم طرز زندگی اپنائے ہوئے ہیں۔پنچایت حلقہ کنتھول مڑہوتہ، کنتھول بینمبل، سڈا کنتھول میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے جسکے نتیجہ میں مقامی آبادی کوسخت مشکلات در پیش ہیں ۔ایک مقامی شخص ظفر ملک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہم ہر چھ سال کے بعد اپنے علاقہ کی تقدیر بدلنے کیلئے ووٹ کا استعمال کرتے ہیںتا کہ علاقہ میں پانی، بجلی ،سکول و طبی نظام و سڑکوں میں سدھار آسکے مگر بدقسمتی سے اقتدار میں آ کر سیاست دان اپنا رویہ بدل کرغریب عوام کا استحصال کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ5000ہزار آبادی والا علاقہ سڑک جیسی سہولیات سے محروم ہے اور لوگ بیس کلو میٹر پیدل سفر کر کے کوٹرنکہ ساز و سامان کے لیے جاتے ہیں اور اگر کوئی بیمار ہو جائے توعلاج و معالجہ کے لئے کوٹرنکہ ہسپتال پہنچانے تک مالک حقیقی سے جا ملتا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ گزشتہ بیس دنوں سے علاقہ میں بجلی نہیں ہے اور لوگ پریشان حال ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ علاقہ میں صاف پانی کی بھی سخت قلت ہے اور گندے نالوں کا پانی استعمال کرنا پڑتا ہے۔ رابطہ کرنے پرمحکمہ بجلی کے جونیئر انجینئرنے بتایا کہ اس علاقہ میں کسی حد تک بجلی سوبھاگیہ سکیم کے تحت بجلی بحال ہوچکی ہے مگر اس میں سدھار کی ضرورت ہے۔لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس دور دراز علاقہ کی طرف توجہ مرکوز کی جائے تاکہ لوگوں کی زندگی آسان بن سکے۔