سندر بنی میں طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا
راجوری //راجوری ضلع کے سندر بنی سب ڈویژن میں فوج کی جانب سے مکینوں کیلئے ایک طبی پروگرام کا اہتمام کیا گیا جبکہ اس موقعہ پر مختلف عوامی مسائل پر بھی تفصیلی غور کیا گیا ۔اس طبی کیمپ کے دوران مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ ان میں بزرگوں کیساتھ ساتھ خواتین اور بچوں کی بھی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔اس دوران ڈاکٹروں کی ایک ماہر ٹیم نے مریضوں کا طبی معائینہ کرنے کیساتھ ساتھ ان کو ادویات و مختلف بیماریوں کے سلسلہ میں تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔فوج کی جانب سے منعقدہ پروگرام میں مقامی معززین کیساتھ ساتھ آٹھ سرپنچوں نے بھی شرکت کی ۔
فوج نے راجوری میں دنگل کا انعقاد کیا
راجوری //فوج کی جانب سے راجوری ضلع میں دنگل کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف علاقوں سے درجنوں کھیلاڑیوں نے شرکت کی ۔ضلع کے کیری گائوں میں منعقدہ پروگرام کے دوران بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین ،پنچایتی اراکین و علاقہ معززین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس کھیل مقابلے میں مختلف علاقوں سے 48کھلاڑیوں نے شرکت کر کے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔فوجی حکام نے بتایا کہ خطہ پیر پنچال میں مختلف مقامات پر فوج کی جانب سے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کیلئے کام کیا جارہا ہے جبکہ ان کوششوں کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا ۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں تاکہ آئندہ وہ اپنے والدین و ملک کا نام روشن کرسکیں ۔
کوٹرنکہ میں پہاڑی کنونشن منعقد
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ میں بدھل اور کوٹرنکہ کے مکینوں کیلئے ایک کنونشن کا اہتمام کیا گیا ۔پہاڑی قبائل کے مسائل اور مانگوں پر تفصیلی غور کرنے کیلئے محمد ایوب پہلوان کی جانب سے پیر مبارک شاہ کی قیادت میں یک روزہ کنونشن کا اہتمام کیا گیا ۔اس کنونشن میں مختلف دیہات میں سے معززین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کر کے ایس ٹی کا درجہ ودیگر مانگوں اور مسائل پر خصوصی روشنی ڈالی ۔مقررین نے کہاکہ پہاڑی قبائل کو سابقہ جموں وکشمیر اور مرکزی حکومتوں کی جانب سے یکسر نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے اب اس طبقہ کے لوگ پسماندہ طرزکی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے بھاجپا کی مرکزی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ وزیر داخلہ امت شاہ کے حالیہ دورے کے دوران پہاڑیوں کی مانگ کی جانب توجہ دی گئی ۔انہوں نے کہاکہ پہاڑی قبائل جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں رہائش پذیر ہیں تاہم ان کی اقتصادی حالت انتہائی خراب ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پہاڑی طبقہ کو جلدازجلد ایس ٹی کا درجہ دیا جائے ۔کنونشن میں صدر بار ایسوسی ایشن راجوری ،ایڈوکیٹ حق نواز مرزا ،بھاجپا لیڈر دیو راج ،ایڈوکیڑ فیاضی مرزا ،بھاجپا ضلع صدر راجندر گپتا ،شہباز پہاڑی ودیگران بھی موجود تھے ۔
مشکوک طورپر دکان خاکستر
راجوری //راجوری ضلع میں مشکوک طور پر لگی آگ کی وجہ سے ایک تجارتی مرکز جل کر راکھ ہو گیا ۔مقامی ذرائع کے مطابق ضلع کے کوٹ چرال علاقہ میں ایک دکان مشکو طورپر لگی آگ کی وجہ سے جل کر راکھ ہوگئی جس کے بعد پولیس نے معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔پولیس نے بتایا کہ محمد شریف ولد لعل حسین سکنہ کوٹ چروال کی دکان میں مشکوک حالت میں آگ لگ گئی ۔انہوں نے بتایا کہ صبح لگی آگ کی وجہ سے دکان جل کر راکھ ہو گئی ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
فوج نے اجوٹ میں تقریب کا اہتمام کیا
پونچھ //فوج کی جانب سے پونچھ ضلع کے اجوٹ علاقہ میں قائم یاد گار پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران 1947-48کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔اس تقریب میں فوج کے اعلیٰ آفیسران نے شرکت کرکے جنگ میں اپنی جانوں کی قربانیاں دینے والوں کی خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے کہاکہ ملی کی حفاظت کیلئے شہدا کے رول کر ہمیشہ کیلئے یاد رکھا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ شہدا نے اپنی جانوں کے بجائے ملک کی حفاظت کیلئے اپنے آپ کو قربان کر دیا ۔اس تقریب کے دوران کئی مقامی معززین اور کئی سابقہ فوجیوں نے بھی شرکت کی ۔
حیات پور رابطہ سڑک کا حال بے حال
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کی حیات پورہ تا سکھہ کس رابطہ سڑک انتہائی خستہ ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کاسا مناکرناپڑرہاہے ۔مکینوں نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے رابطہ سڑک کو مکمل ہی نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے جہاں ان کو دوران آمد ورفت بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں وہائیں سڑک کے ملحقہ علاقوں میں آنے والی زمینیں و رہائشی مکانات بھی تباہ ہو رہے ہیں ۔مقامی معززین نے بتایا کہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے 10برس قبل رابطہ سڑک کی تعمیر کا عمل شروع کیا گیا تھا لیکن محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے کئی برسوں بعد بھی رابطہ سڑک کی حالت جوں کی توں ہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر کیلئے ٹینڈر کیا گیا تھا لیکن ابھی تک اس پر تعمیر ای کام شروع نہیں کیاجاسکا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کو جلدازجلد مکمل کیاجائے تاکہ ان کو دوران آمد ورفت مسائل کا سامنا نہ کرناپڑے ۔
سیزنل ٹیچروں نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا
پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ کے سیزنل ٹیچروں نے جموں وکشمیر انتظامیہ کیساتھ ساتھ سیزنل ٹیچروں کے ریاستی صدر جاوید اقبال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ٹیچروں کی دقتوں کو سمجھتے ہوئے ان کے ماہانہ مشاہرے میں اضافہ کیا گیا ہے ۔سیزنل ٹیچروں جن میں الطاف احمد خان، جاوید اقبال چوہدری،سجاد احمد تانترے ،اکبر صدیقی چوہدری عبدالمجید ،زاہدہ پروین، جاوید اقبال، ممتاز احمد، رفیق مجران و دیگران نے ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ان کی کاوشوں کی وجہ سے ٹیچروں کے ماہانہ مشاہرے میں اضافہ کیا گیا ۔غور طلب ہے کہ جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے سیزنل ٹیچروں کی ماہانہ تنخواہ چار ہزار سے بڑھا کر دس ہزار کرنے کا اعلان کیا ہے ۔مقررین نے کہاکہ ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر جاوید اقبال گگی سیزنل ٹیچروں کی مانگوں کو لے کر گزشتہ کئی عرصہ سے جدوجہد کررہے ہیں تاہم آخر میں ان کی مانگوں کی جانب انتظامیہ نے توجہ دی ہے ۔
جسمانی تندرستی کی اہمیت | پٹھانہ تیر میں بیداری پروگرام کا اہتمام
مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کے پٹھانہ تیر علاقہ میں فوج کی جانب سے’ جسمانی تندرستی کی اہمیت‘ کے عنوان سے ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔اس بیداری پروگرام کے دوران جسمانی تندرستی ،جسمانی سرگرمیوں کو نافذ کرنا، صحت مند غذائی اجناس ودیگر متعلقہ معاملات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے مقررین نے کہاکہ انسان کو کامیاب زندگی کیلئے جسمانی طورپر تندرست ہونا لازمی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر کوئی بھی شخص جسمانی طورپر تندرست ہوگا تو ہی دماغی طورپر وہ تعمیر ای سوچ رکھ کر کامیابی حاصل کرسکتا ہے ۔مقررین نے کہاکہ سماج میں جسمانی تندرستی کی اہمیت کو اجاگر کرنا اشد ضروری ہے جبکہ نوجوان اس شعبہ کو مضبوط بناکر ہی مختلف نوعیت کی کھیلوں میں شرکت کر کے اپنے علاقہ کا نام روشن کر سکتے ہیں ۔
شر نارتھی فورم کا اجلاس | کسان قوانین کی واپسی کا استقبال کیا گیا
جموں //پی او جے کے شر نارتھی فورم کے اراکین کا ایک اجلاس جموں میں ایڈوکیٹ امریک سنگھ کی قیادت میں منعقد ہوا جس میں اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس دوران بولتے ہوئے اراکین نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے کسان قوانین کو واپس لینے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ کسانوں کے طویل احتجاج کے بعد مرکزی حکومت کو اپنے قوانین واپس لینے پڑے ہیں ۔مقررین نے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے کسانوں کی مانگ کے مطابق ایک مثبت قدم اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ قوانین کی واپسی کا یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب پوری دنیا شری گرو نانک دیو جی کا 552 واں پرکاش پورب منا رہی ہے اور اس کے بعد سری کرتار پور صاحب کے عظیم کاریڈور کو عام لوگوں کیلئے کھول دیا گیا ہے جہاں شری گرو نانک دیو جی دیو جی 18 سال تک رہے اور اپنے نعرے کیرتکرنی، وند چکنا،جس کا مطلب ہے محنت کرنا اور ایمانداری سے کمائی کو دوسروں میں تقسیم کرنے کیلئے کھیتی باڑی کرنا ہے ۔فورم نے کسانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے احتجاج کو ختم کر کے اپنے اہل خانہ کیساتھ واپس جائیں ۔اس موقعہ پر سردار اندر سنگھ ،پرم جیت سنگھ ،سوچا سنگھ ،کلدیپ سنگھ ،جگجیت سنگھ ،نصیب سنگھ ودیگران بھی موجود تھے ۔
پونچھ لنک اپ ڈے کی تقریبات | سبکدوش فوجیوں نے ریلی نکالی
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ لنک اپ ڈے کی تقریبات کو جاری رکھتے ہوئے پونچھ بریگیڈ کی درگا بٹالین کی جانب سے ناٹو آڈیٹوریم پونچھ سے سابق فوجیوں کی ریلی برآمد ہوئی جسے کمانڈر پونچھ بریگیڈ نے ہری جھنڈی دیکھا کر روانہ کیا۔ریلی میں ضلع پونچھ کے معززین، ویر ناریوں، 35 بیواؤں اور 83 سابق فوجیوں نے شرکت کی۔ اس دوران مہمان خصوصی نے سابق فوجیوں سے بات چیت کی اور ویر ناریوں اور مستحق بیواؤں کو مبارکباد دی۔ریلی کے دوران جیکلائی، جے کے آر آئی ایف، پنجاب اور ڈوگرا ریج منٹوں سے سبکدوش اہلکاروں، کو پنشن، نئی پالیسیوں اور دیگر فوائد سے متعلق ضروری رہنمائی فراہم کی گئی۔اس موقع پر موجود سابق فوجیوں نے زبردست جوش خروش کا اظہار کرتے ہوئے سرحدوں پر تعینات فوجیوں کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے بھی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سول اور فوجی اداروں کے ساتھ کم از کم دو ماہ میں ایک بار کیمپ لگانے کا اعلان کیا تاکہ سول محکموں کے ساتھ سابق فوجیوں کے مسائل کو حل کیا جا سکے۔
پولیس نے مویشی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی
حسین محتشم
پونچھ//جموں وکشمیرپولیس نے پولیس تھانہ پونچھ کے دائرہ اختیار میں موشیوں کی سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 05 جانوروں کو تحویل میں لے لیا۔تفصیل کے مطابق پونچھ پولیس نے مویشیوں کی سمگلنگ کے بارے میں موصول ہونے والی مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے انسپکٹر سریشور دیو سنگھ ایس ایچ او پونچھ کی سربراہی میں پولیس تھانہ پونچھ کی ایک پولیس پارٹی نے ایس ایس پی پونچھ ڈاکٹر ونود کمار آئی پی ایس کی نگرانی میں کلائی، پونچھ میں مضبوط ناکا لگا کر ایک ٹاٹا موبائل زیر رجسٹریشن نمبر JK12A-9878 پونچھ سے مغل روڈ کے راستے کشمیر کی طرف جارہی تھی تو گاڑی کی تلاشی کے دوران گاڑی کے اندر پانچ مویشیوں پائے گئے جنہیں بغیر اجازت کے غیر قانونی طور پر منتقل کیا جا رہا تھا۔ تمام مویشیوں کو تحویل میں لے کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا جبکہ گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ مویشیوں کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی۔ اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 290/2021 زیر دفعہ 188 آئی پی سی، 11 پی سی اے ایکٹ پولیس تھانہ پونچھ میں درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
تھنہ منڈی میں دکانوں کا معائینہ کیا گیا
دوکانداروں کو انتباہ، نقدی جرمانہ بھی وصولا گیا
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // تحصیلدار تھنہ منڈی ساحل شاہ نے اچانک تھنہ منڈی قصبہ کا معائینہ کر کے دکانداروں کو قاعدہ پر عمل کرنے کی تلقین کی ۔اس موقع پر انکے ہمراہ میونسپل عملہ ، محکمہ خوراک اورپولیس کے اہلکار بھی موجود رہے۔ معائینہ کے دوران آفیسران نے غیر قانونی طورپر قصبہ میں استعمال کئے جارہے لفافوں کو ضبط کرلیا ۔اس کے علاوہ خراب اشیائے خوردونوش جس میں سبزیاں، پھل ،اور دیگر کھانے پینے کی چیزوں کو ضائع کیاوہیںقاعدہ کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ۔تحصیلدار نے دکانداروں کو انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ وہ قصبہ میں لفافوں کا استعمال نہ کریں جبکہ صارفین کو معیاری ساز و سامان فروخت کریں جبکہ غیر قانونی عمل میں ملوث دکانداروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
دبڑ پوٹھہ میں 2ماہ سے پانی سپلائی بند
رمیش کیسر
نوشہرہ // سب ڈویژن نوشہرہ کے دبڑ پوٹھہ علاقہ میں واٹر سپلائی سکیم گزشتہ دو ماہ سے مسلسل بند ہونے کی وجہ سے گائوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔مکینوں نے محکمہ جل شکتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پانی سپلائی بند ہونے کے بعد ملازمین و آفیسران مبینہ طورپر اپنے گھروں میں آرام کررہے ہیں جبکہ مقامی سب ڈویژن انتظامیہ بھی پانی کی سپلائی بحال کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو گئی ہے ۔پانی کی قلت و محکمہ کی لاپرواہی کو لے کر مقامی معززین کا ایک اجلاس علاقہ میں منعقد ہوا ۔اس دوران معززین نے ملازمین کی لاپرواہی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ لیا کہ واٹر سپلائی سکیم کو ہی تالا بند کیا جائے گا ۔انہوں نے ملازمین و آفیسران کی لاپرواہی کو لے کر عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔مقامی پنچایتی اراکین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین و آفیسران دیہات میں پانی سپلائی میں سنجیدہ ہی نہیں ہیں جس کی وجہ سے عوامی مشکلات ہر گزرتے روز بڑھتی ہی جارہی ہیں ۔
بریری ۔ہونجانہ میں رابطہ پل تعمیر نہ ہوسکا
لوگ پیدل مناور دریا عبور کرنے پر مجبور
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے بریری ۔ہونجانہ گائوں میں رابطہ پل تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگ مناور دریا عبور کرنے میں شدید مشکلات سے دو چار ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ دریا پر رابطہ پل تعمیر کرنے کیلئے کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے رابطہ قائم کیاگیا جبکہ انہوں نے پل کی تعمیر کی یقین دہانی بھی کروائی لیکن اس وقت تک مذکورہ یقین دہانیاں سچ ثابت نہیں ہو سکی ۔انہوں نے بتایا کہ لوگ مشکل حالات میں بھی دریا کو پیدل عبور کرنے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں کی آبادی متاثر ہورہی ہے ۔غور طلب ہے کہ رابطہ پل نہ ہونے کی وجہ سے کئی پنچایتوں کی عوام پیدل ہی دریا عبور کرتے ہیں تاہم پہاڑی علاقوں میں ہونے والی بارشوں کی وجہ سے دریا میں اچانک سیلابی صورتحال بھی پیدا ہو جاتی ہے جو مکینوں کیلئے کسی خطرے سے کم نہیں ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دریا پر رابطہ پل کی تعمیر عمل میں لائی جائے تاکہ ان کو دریا عبور کرنے میں آسانیاں پیدا ہو سکیں ۔