مشیر بھٹناگر نے محکمہ ماہی پروری کے کام کاج کا جائزہ لیا
جموں //لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے سول سیکرٹریٹ میں محکمہ ماہی پروری کے کام کاج کے ساتھ ساتھ کئی اسکیموں پر پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں محکمہ ماہی پروری کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری ، ڈائریکٹر فشریز جے اینڈ کے ، ڈائریکٹر پلاننگ فشریز ڈیپارٹمنٹ ، ڈائریکٹر فائنانس فشریز ڈیپارٹمنٹ ، فشریز ڈیپارٹمنٹ کے تمام جوائینٹ ڈائریکٹرز اور سی پی اوز ذاتی طور پر اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران مشیر بٹھناگر نے مختلف اضلاع میں مچھلی کی پیداوار کے کاموں کا تفصیلی جائیزہ لیا اور اس کے علاوہ مختلف مرکزی اسپانسرڈ اسکیموں ( سی ایس ایس ) ، سی اے پی ای ایکس ، محکمہ کے ترقیاتی پروگراموں اور دیگر مسائل کا بھی مشیر نے جائیزہ لیا ۔ مچھلی کی پیداوار کے علاقوں کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اس شعبے کی بہتر ترقی کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کیلئے روز گار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ان علاقوں میں فش یونٹس کے قیام کو ترجیح دیں ۔ مشیر نے افسران سے کہا کہ وہ موجودہ یونٹ ہولڈرز کو مسلسل ہینڈ ہولڈنگ فراہم کریں تا کہ پیداوار کو بڑھایا جا سکے ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ پورے جموں و کشمیر میں بیداری کیمپوں کا انعقاد کیا جانا چاہئیے تا کہ لوگوں کی حوصلہ افزائی ہو اور ان شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں کو شروع کرنے میں مدد کی جائے ۔سی ایس ایس اور دیگر اسکیموں کی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے افسران کو انتہائی لگن اور تندہی سے کام کرنے کی تاکید کی تا کہ ان فلاحی اسکیموں کے فوائد مستفدین تک پہنچ سکیں ۔
ادویات چوری کیس میں ایک اور گرفتار، لاکھوں روپے کی ادویات برآمد
جموں // پولیس نے ادویات چوری کیس میں ایک اور گرفتاری کا دعویٰ کرتے ہوئے قریب سوا لاکھ روپے کی ادویات برآمد کرنے کا دعویٰ کیاہے۔پولیس تھانہ سٹی میں ادویات کی چوری کے معاملے کے حوالے سے ایک اور گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے اور 115000 روپے مالیت کی مزید ادویات برآمد کی گئی ہیں۔مذکورہ کیس میں پہلے گرفتار ملزم سے پوچھ گچھ کے دوران ایک اور ملزم کا نام سامنے آیا ارو پولیس نے آخر کار ہتیش شرما ولدکالی داس ساکن چومبیاں تحصیل بشناہ ضلع جموں نامی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے مذکورہ کیس میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا اور اس کے انکشاف پر 115000 روپے مالیت کی ادویات برآمد ہوئیں ۔اس معاملے پر ایف آئی آر نمبر 73/2021 زیردفعہ 379 IPC پولیس تھانہ سٹی میں درج کیا گیا اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔اس طرح اب تک برآمد ہونے والی ادویات کی کل کھیپ 195000 روپے کی ہے۔کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔
۔11 سال سے مفرور ملزم کی گرفتاری کا دعویٰ
جموں// پولیس نے گیارہ سال سے مفرور ایک ملزم کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے ۔پولیس بیان کے مطابق ایک مفرور ملزم منظور احمد گنی ولد عبدالغنی ساکن کرن پور تحصیل پامپور ضلع اننت ناگ کے خلاف ایف آئی آر نمبر 90/2005 زیردفعہ 279/337/RPC 3/181 MV ایکٹ درج کیا گیا تھا لیکن ایف آئی آر درج ہونے کے بعد سے وہ فرار تھاتاہم آخر کار اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔بیان کے مطابقجموں پولیس مذکورہ ملزمان کی تلاش میں تھی اور خفیہ اطلاعات کی بناءپر پولیس تھانہ نگروٹہ نے بھرپور کوشش کی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔عدالت نے ان کے خلاف 512 CrPC کے تحت ایک وارنٹ جاری کیا تھا ۔ملزم کو سب جج جموں کی عدالت میں پیش کیا گیا۔