سرینگر// وادی کشمیر میں کوروناوائرس کے مثبت معاملات میں زبردست اضافہ پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے ریستوران اور کیفے ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ جب تک نہ سبھی لوگ کووِڈ ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں گے وادی میں کوروناوائرس کی زنجیر نہیں ٹوٹ سکتی ہے ۔سی این آئی کے مطابق جموں و کشمیر میں کووِڈ- 19کے مثبت معاملات میں اضافے کے پیش نظر ریستوراں اور کیفے ایسوسی ایشن کے صدر نے اپنے اراکین سے گزارش کی ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہدایت کردہ کووِڈرہنماخطوط پر سختی سے عمل کریں تاکہ وادی میں ریستوراں اور کیفے کے معمول کے کاروبار میں رکاوٹ نہیں آئے ۔ایسوسی ایشن کے صدر شیخ فیروز نے کہا کہ جب سے دنیا اور خاص طور پر جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کی وبا پھیلی ہے، تمام کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں اور یہ ہمارا اخلاقی فرض ہے کہ ہم ان ہنگامہ خیز حالات میں اپنے گاہکوں اور اپنے آپ کو محفوظ رکھیں۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کی طرف سے ہدایت کردہ ایس او پیز پر تمام ریسٹورنٹ اور کیفے میں عمل کیا جانا چاہیے تاکہ آنے والے اور ہماری ٹیم کے ارکان اس سے محفوظ رہیں۔اس دوران ایسوسی ایشن کے نائب صدر بابر چودھری نے بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر، ہم ایسوسی ایشن کے اپنے تمام ممبران کے ساتھ زوم میٹنگ کر رہے ہیں تاکہ کوویڈ 19 وبائی امراض سے متعلق تمام جاری کردہ معمول کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے اور سیاحوں، گاہکوں دونوں کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔اس دوران ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری شیخ عمران نے بتایا کہ سرکار نے پہلے ہی تمام سیاحوں کیلئے آر ٹی پی سی آر اور ریٹ کووڈ ٹیسٹ کو لازمی قراردیا ہے جو 72گھنٹے سے پرانا نہ ہو۔ اورہم اس ہدایت کو من و عن عملارہے ہیں۔