لاہور/دنیا کی دو بہترین کرکٹ ٹیموں کے مابین پہلی بینو قادر ٹرافی کاآغاز 4 مارچ بروز جمعہ سے ہوگا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، آسٹریلیا کا 24 سال بعد یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔4 سے 25 مارچ تک راولپنڈی، کراچی اور لاہور میں کھیلی جانے والی یہ تاریخی سیریز شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز رہے گی کیونکہ یہاں انہیں دنیائے کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔این سی او سی کے فیصلے کے مطابق 100 فیصد تماشائیوں کو پنڈی اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی، پہلے ٹیسٹ کے لئے دستیاب تمام آن لائن ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں۔آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل اس سیریز میں میزبان پاکستان کی قیادت آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ بیٹرز رینکنگ میں نویں نمبر پر موجود بابراعظم کریں گے جبکہ باؤلنگ کی فہرست میں سرفہرست پیٹ کمنز آسٹریلیا کے کمان سنبھالیںگے۔اس کے علاوہ اظہر علی، فواد عالم اور محمد رضوان پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن اپ کو تقویت بخشیں گے، مہمان سائیڈ کو اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ اور مارنوس لےبو شین جیسے بلے بازوں کا ساتھ میسر ہوگا۔پنڈی کی سپورٹنگ پچ پر آئی سی سی باؤلرز رینکنگ میں چوتھے نمبر پر موجود فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی پاکستان کے باؤلنگ اٹیک کی قیادت کریں گے، ان کے علاوہ نسیم شاہ، نعمان علی اور ساجد خان بھی حریف ٹیم کو زیر کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے دوسری طرف مچل سٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور ناتھن لیون جیسے بہترین باؤلرز آسٹریلیا کے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔دونوں ٹیموں نے گزشتہ دو روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں فیلڈنگ، بیٹنگ اور باؤلنگ کی سخت مشقیں کی تاہم شہر میں ہونے والی بارش کے باعث جمعرات کو شیڈول دونوں ٹیموں کے ٹریننگ سیشنز منسوخ کردئیے گئے۔اس سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کُل 25ٹیسٹ سیریز کھیلی جاچکی ہیں، جس میں سے 13آسٹریلیا نے اور 7پاکستان نے جیتیں، دونوں ٹیمیں آخری مرتبہ 1998ء میں پاکستان میں مدمقابل آئی تھیں، جہاں مارک ٹیلر کی زیرقیادت مہمان ٹیم نے سیریزمیں 1-0 سے کامیابی حاصل کی تھی ۔یو اے ای میں کھیلی گئی آخری ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے سرفراز احمد کی زیر قیادت 2018 ء میں اپنی ہوم سیریز 1-0 سے جیتی تھی۔اگلے سال پاکستان آسٹریلیا پہنچا تو وہاں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا نے 2-0 سے فتح سمیٹی۔