موہالی//آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ (ناٹ آؤٹ 175) کی شاندار سنچری کی بدولت ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے کرکٹ کے دوسرے دن ہفتہ کے روز دوسرے سیشن میں آٹھ وکٹ پر 574 رن پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔سری لنکا نے جواب میں دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 108 رن پر اپنی چار وکٹیں گنوا دیں اور ٹیم کو فالو آن کے خطرہ کا سامنا ہے ۔ سری لنکا ابھی ہندوستان کے اسکور سے 466 رنز پیچھے ہے ۔ ٹیسٹ کرکٹ میں 7 ویں نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے جڈیجہ کے 175 رن مشترکہ طور پر 7 واں سب سے بڑاا سکور ہے ۔ انہوں نے انگلینڈ کے رنجیت سنگھ جی کی برابری کرلی ہے جنہوں نے 1897 میں آسٹریلیا کے خلاف ساتویں نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے 175 رن بنائے تھے ۔ جڈیجہ نے 228 گیندوں پر ناٹ آوٹ 175 رن میں 17 چوکے اور تین چھکے لگائے ۔ جڈیجہ نے کل کے ناٹ آؤٹ 45 رن اور روی چندرن اشون نے 10 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا تھا جبکہ ہندوستان نے اپنی اننگز کو چھ وکٹ پر 357 رن سے آگے بڑھا یا۔ جڈیجہ نے اشون کے ساتھ چھٹے وکٹ کے لیے 130 رنز کی زبردست شراکت داری کی۔ اشون کو سورنگا لکمل نے وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ اشون نے سمجھداری کے ساتھ بلے بازی کرتے ہوئے 82 گیندوں میں آٹھ چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے ۔ جینت یادیو دو رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے ۔ لیکن اس کے بعد جڈیجا نے محمد شامی کے ساتھ نویں وکٹ کے لیے 103 رن کی شراکت داری کی۔