ڈونیڈن/ایمی سیٹرتھویٹ (25 رن پر 3 وکٹ) کی خطرناک گیندبازی اور سوزی بیٹس (79) اور امیلیا کیر (47) کی شاندار اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم نے پیر کے روز بنگلہ دیش کو یک طرفہ انداز میں9 وکٹوں سے شکست دے کر عالمی کپ 2022 میں پہلی جیت درج کی۔ ٹاس ہارنے کے بعد بلے بازی کرنے اتری بنگلہ دیش کی ٹیم بارش سے متاثرہ 27 اوور میں نیوزی لینڈ کی خطرناک گیندبازی کے سامنے آٹھ وکٹ پر 140 رن ہی بناسکی۔جواب میں نیوزی لینڈ نے بیٹس اور امیلیا کی شاندار اننگز سے 20 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 144 رنز بنا کر باآسانی میچ جیت لیا۔ بیٹس نے 68 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے جبکہ امیلیا نے 37 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے ۔ اس سے قبل گیندبازی میں اسیٹرتھ ویٹ نے پانچ اوورز میں 25 رنز دے کر سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں اور ہیلی جینسن اور فرانسس میکے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بیٹس کو میچ جیتنے والی نصف سنچری کے لیے 'پلیئر آف دی میچ' قرار دیا گیا۔ دوسری جانب تجربہ کار اوپنر فرغانہ حق نے ایک چوکے کی مدد سے 63 گیندوں پر 52 رنز کی نصف سنچری اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز شمیمہ سلطانہ نے 36 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے ۔ گیندبازی میں صرف سلمیٰ خاتون کو ایک وکٹ ملی۔اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر چلی گئی ہے ۔ بڑی جیت کے ساتھ، اس نے نیٹ رن ریٹ میں بھی کافی فائدہ اٹھایا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم جیت کے بہت قریب آکر ہار گئی تھی ۔(یواین آئی)