عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/یومِ جمہوریہ کے موقع پر لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر منوج سنہا نے عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وہ قوم کے 77ویں یومِ جمہوریہ کے پُرمسرت اور تاریخی موقع پر جموں و کشمیر کے تمام باشندوں کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے پیغام میں کہا ہمارے جمہوریہ کے معماروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں جن کی غیرمعمولی دانش، جرات اور قربانیوں کے باعث ہمیں آزادی نصیب ہوئی اور ایک ایسا آئین عطا ہوا جو انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت جیسے ابدی اصولوں پر مبنی ہے۔ یہی اقدار ہماری قومی شناخت کو مضبوط بناتی ہیں اور ہمارے جمہوری و سماجی نظریات کی بنیاد ہیں۔انہوں نے محنت کشوں، کسانوں، ڈاکٹروں، انجینئروں، اختراع کاروں، کاروباری افراد، اساتذہ، طلبہ، نوجوانوں، خواتین، تاجروں، فنکاروں، ادیبوں، صنعت کاروں اور سول سوسائٹی کے رضاکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت اور لگن سے ہی ہماری جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے اور یونین ٹیریٹری میں ہمہ جہت ترقی ممکن ہو پا رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مسلح افواج، نیم فوجی دستوں اور جموں و کشمیر پولیس کے جوانوں کی جرات، قربانی اور مستعدی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہی کی بدولت عوام کو امن، سلامتی اور ہم آہنگی کا ماحول میسر ہے۔
انہوں نے آپریشن سندور کے دوران ملک کی عزت و وقار کے تحفظ میں کردار ادا کرنے والی مسلح افواج، پولیس، نیم فوجی دستوں اور سول انتظامیہ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ پیغام میں کہا گیا کہ پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد آپریشن سندور بھارت کی قومی سلامتی کے نظریے میں ایک فیصلہ کن موڑ ثابت ہوا، جس کے ذریعے بھارت نے واضح کر دیا کہ اس کی سرزمین پر ہونے والا کوئی بھی حملہ جنگی اقدام تصور کیا جائے گا۔ یہ محض ایک فوجی کارروائی نہیں بلکہ بھارت کے اسٹریٹجک عزم کا اعلان تھا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے آپریشن مہادیو کے تحت بھارتی فوج، جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کی بھی ستائش کی، جنہوں نے حملے میں ملوث تین پاکستانی ملی ٹینٹوں کو ہلاک کر کے انصاف کو یقینی بنایا۔انہوں نے گزشتہ سال اکتوبر۔نومبر کے دوران جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے ملک گیر ملی ٹینٹ نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے اور بروقت کئی حملوں کو ناکام بنانے پر بھی پولیس کو سراہا اور انہیں بھارت کے سچے ہیرو قرار دیا۔
پیغام کے اختتام پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آئیں ہم سب مل کر نئے عزم اور اجتماعی ارادے کے ساتھ جموں و کشمیر کو ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں تک لے جانے کا عہد کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ مضبوط اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ انفراسٹرکچر کی تعمیر، معیشت کی تیز رفتار ترقی، علم پر مبنی معیشت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں قیادت، نیز نوجوانوں اور خواتین کو معیاری تعلیم، صحت اور مساوی مواقع فراہم کرنا ہماری ترجیحات ہونی چاہئیں۔انہوں نے دعا کی کہ ہم سب خلوص اور بے لوثی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔
77ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا عوام کے نام پیغام