سری نگر// جموں کشمیر اور لداخ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران زلزلے کے 6 جھٹکے محسوس کیے گئے، اس دوران کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پہلا زلزلہ 17جون بروز ہفتہ کو 02بج کر 03 منٹ پر محسوس کیا گیا، جس کی شدت 3.0 تھی، زلزلے کا مرکز رام بن تھا۔
سینٹر کے مطابق، دوسرا زلزلہ لیہہ لداخ میں 4.5 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کا مرکز لیہہ تھا۔تیسرا زلزلہ ہفتہ کو ڈوڈہ میں محسوس کیا گیا جس کی شدت 4.4 تھی۔
چوتھا زلزلہ 18جون 2023 بروز اتوار کو لیہہ لداخ میں محسوس کیا گیا جس کی شدت 4.1 تھی۔
اُنہوں نے بتایا کہ پانچواں زلزلہ اتوار کی صبح کٹرہ میں محسوس کیا گیا جس کی شدت 4.1 تھی، جبکہ مرکز ریاسی ضلع کا کٹرعلاقہ تھا، چھٹا زلزلہ بھی اتوار کی صبح محسوس کیا گیا، جس کا مرکز لیہہ لداخ میں تھا، جبکہ شدت 4.3 تھی۔
اس سے قبل ،جموں و کشمیر لداخ میں 13جون2023 کو زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے، جن کی شدت 5.4 تھی، جس سے خطہ چناب میں کچھ عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔
جموں و کشمیر، لداخ میں 24 گھنٹوں کے دوران 6 بار زلزلے کے جھٹکے