عظمیٰ نیوز سروس
کپوارہ//ریلائنس جیو انفوکام لمیٹڈ نے شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کی اہم بنگس وادی میں 10ہزار فٹ کی بلندی پر مستقل ٹیلی کام سائٹ کامیابی سے قائم کر دی ہے، جس سے علاقے میں مستقل ڈیجیٹل رابطے کی سہولت فراہم ہو گئی ہے۔جیو کے مطابق بنگس ویلی کے مول دھاری علاقے میں قائم یہ ٹیلی کام سائٹ دشوار گزار جغرافیائی حالات اور شدید موسمی چیلنجز کے باوجود فعال کی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد جموں و کشمیر کے دور دراز سرحدی علاقوں کو ڈیجیٹل سہولیات سے جوڑنا ہے۔اس کے علاوہ بھارتی فوج کے تعاون سے کپواڑہ کے کرناہ ویلی (ٹیٹوال خطے) کے دور افتادہ سرحدی گاں سِماری میں بھی جیو کی تیز رفتار 5G سروس شروع کر دی گئی ہے۔ سِماری کو ملک کا “پہلا پولنگ بوتھ” بھی کہا جاتا ہے اور یہ سرینگر سے تقریبا 170 کلومیٹر دور واقع ہے۔جیو نے کہا کہ بنگس اور کرناہ ویلی جیسے دشوار گزار علاقوں میں جدید مواصلاتی سہولیات کی محدود دستیابی کے باعث مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا تھا، تاہم نئی 5G سروس سے یہ علاقے عالمی ڈیجیٹل نیٹ ورک سے منسلک ہو گئے ہیں۔نئی سہولت سے مقامی باشندوں، سیاحوں، سول انتظامیہ اور فوجی اہلکاروں کو تیز رفتار انٹرنیٹ اور بہتر صوتی رابطہ دستیاب ہوگا۔ اس کے ذریعے ای گورننس، ڈیجیٹل بینکنگ، آن لائن تعلیم اور دیگر ڈیجیٹل خدمات تک رسائی آسان ہو جائے گی۔جیو کے مطابق بہتر رابطے سے بنگس اور کرناہ کے علاقوں میں سیاحت، ہوم اسٹے کاروبار اور مقامی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔کمپنی نے بتایا کہ اس اہم منصوبے کی تکمیل جیو کی انجینئرنگ ٹیموں، بھارتی فوج اور مقامی شراکت داروں کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہوئی، جنہوں نے دشوار گزار راستوں اور جغرافیائی رکاوٹوں کے باوجود کام مکمل کیا۔