لورن دھڑا میں پانی کا سپلائی نظام خراب
حسین محتشم
پونچھ//تحصیل منڈی کے لورن کی دھڑا پنچایت میں گائوں سِب سے ڈکھنہ تک پائپ لائن خراب ہوگئی ہے جس کی وجہ سے اس علاقہ کی عوام کو از حد پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا۔مقامی شہریوں نے حکام پر لا پرواہی اور گہری نیند میں رہنے کا الزام لگایا ہے۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ پائپ لائن لوہے کی ہے جو زنگ لگنے کی وجہ سے خستہ ہوتی جا رہی ہے۔ پاپئیں جگہ جگہ سے خارج ہورہی ہیں جس کی وجہ سے پانی بہہ کر ضائع ہو جاتاہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا ان کی لاکھ شکایتوں کے باوجود انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔ انہوں نے پائپ لائن کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی پریشانیوں کو سمجھتے ہوئے متعلقہ محکمہ کے افسرام فوری اقدامات اٹھا کر ان کو پانی فراہم کریں گے۔

 

سوشل میڈیا پر ہراسانی کا معاملہ
سرنکوٹ عدالت نے دہلی پولیس کمشنر کو طلب کر لیا
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سوشل میڈیا پر ہراسانی معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے سرنکوٹ عدالت نے دہلی کے پولیس کمشنر کو 29جولائی کو عدالت میں طلب کرلیا ہے ۔ بار ایسوسی ایشن سرنکوٹ نے بتایا کہا کہ عدالت کی طرف سے عدم پیروی پر دہلی پولیس کمشنرکو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ شکایت کنندہ کے وکیل ماجد خان نے عدالت کی طرف سے جاری کئے گئے نوٹس پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر جاوید مغل کو مبینہ طورپر بلیک میل کرنے والی ایک خاتون طلعت دتیانی عرف طلعت بھارتی عرف طلعت نصرین بھارتی جس نے پروفیسر جاوید مغل کو سوشل میڈیا پر بلیک میل کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس کے خلاف دائر ایک کیس میں دہلی پولیس کمشنرکو ایک نوٹس جاری کیا گیا۔ ایڈووکیٹ ماجد خان نے کہا کہ شکایت کنندہ جاوید مغل کے وکیل نے ایک عرضی دائر کی تھی جس پر سب جج کورٹ سرنکوٹ نے دہلی پولیس کمشنر کوکئی نوٹس جاری کئے تاکہ ملزمہ حاتون کی طلبی کو یقنی بنایا جا سکے تاہم عدم پیروی کی وجہ سے عدالت نے ہوم سیکریٹری دہلی کے ذریعے 29 جولائی 2022 کو جاوید مغل بنام طلعت دتیانی کیس میں دہلی پولیس کمشنرکو سرنکوٹ کی عدالت میں حاضر ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے اور ہوم سیکریٹری کے ذریعے ملزمہ خاتون کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ بھی جاری کئے گئے۔ ایڈووکیٹ ماجد خان نے کہا کہ عدالت کی طرف سے ملزمہ خاتون کے خلاف دہلی پولس کمشنرکے نام پر بار بار نوٹس جاری ہونے کے باوجود بھی دہلی پولیس کمشنر نے اس کو نظرانداز کیا جس کے نتیجے میں سب جج کورٹ سرنکوٹ نے دہلی پولیس کمشنرکے خلاف نوٹس جاری کیا اورسیکریٹری داخلہ دہلی حکومت کے ذریعے ملزمہ خاتون کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ بھی جاری کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کوئی بھی ہو اس کے حکم کی پیروی کرنی چائے اور عدالت کے فیصلے کی توہین کرنا قانونی جرم قرار دیا جاتا ہے۔

 

نوشہرہ میں تلاشی مہم شروع کی گئی
رمیش کیسر
نوشہرہ //سیکورٹی فورسز نے نوشہرہ سب ڈویژن میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کر دی ہے ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے نوشہرہ سب ڈویژن میں حدمتارکہ کے نزدیکی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کر دی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حدمتاکہ کے پار ملی ٹینٹوں کی بڑی تعداد حدمتارکہ عبور کرنے کا موقعہ ڈھونڈ رہی ہے جبکہ فوج نے اپنی چوکسی کو جاری رکھتے ہوئے علاقہ میں تلاشی مہم شروع کر دی ہے ۔غور طلب ہے کہ سیکورٹی فورسز خطہ میں بڑے پیمانے پر حفاظتی بندوبست کررہی ہے ۔

 

جل شکتی ملازمین کی ہڑتال مسلسل جار ی
رمیش کیسر
نوشہرہ //محکمہ جل شکتی میں کام کررہے عارضی ملازمین کی ہڑتال مسلسل 11ویں روز بھی جاری ہے جس کی وجہ سے سب ڈویژن کی بیشتر سپلائی سکیمیں بند پڑی ہوئی ہیں ۔احتجاج کررہے عارضی ملازمین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 60ماہ سے ان کو تنخواہ ہی نہیں دی گئی جس کی وجہ سے ان کی ذاتی زندگی بھی متاثر ہورہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران کیساتھ ساتھ جموں وکشمیر انتظامیہ بھی عارضی ملازمین کیساتھ مبینہ طورپر کھلواڑ کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ گزشتہ کئی عرصہ سے اپنے مطالبات کو لے کر احتجاج کررہے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے ان کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔عارضی ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے نوشہرہ سب ڈویژن میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جبکہ کچھ جگہوں پر لوگ ٹریکٹروں کی مدد سے قیمتی پانی لانے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ واٹر سپلائی سکیمیں بند ہونے کی وجہ سے وہ ٹریکٹروں کیساتھ ٹینکرز باندھ کر پانی لانے پر مجبور ہیں۔عارضی ملازمین نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مانگوں کو جلدازجلد پورا کیا جائے ۔

 

تین گھنٹے تک ضلع بھر میں ائرٹیل سروس بند
عوام و طلباء سخت پریشان،دوروزکے دوران دوسرا واقعہ
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں مواصلاتی نظام فراہم کرنے والی نجی کمپنی ایرٹیل کی سروس متعدد گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد دوبارہ بحال کردی گئی جسکے سبب ضلع کی عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ نہ صرف موبایل خدمات بلکہ براڈبینڈ سروس بھی بند ہونے کے سبب عوام کی مشکلات میں دوگنا اضافہ ہواجسکے سبب سرکاری و نجی دفاتر ،سکولی طلباء، دکانداروں اورکاروباریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔جہاں سکول بند ہونے کے سبب بچے آن لائن تعلیم حاصل کررہے تھے وہیںانٹرنیٹ بند ہونے کے سبب وہ سخت پریشان ہیں۔ اس کمپنی کے سب سے زیاد صارفین ضلع بھر میں موجود ہیں جو سخت مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں۔ اگرچہ فوری طور سروس معطل ہونے کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا تاہم بتایاجارہا ہے کہ تکنیکی خامی کے سبب مسلسل اس طرح کا واقعہ پیش آرہاہے۔واضح رہے کہ اسی طرح دوروز قبل بھی کئی گھنٹوں تک موبایل و براڈبینڈسروس معطل ہوئی تھے جسکے سبب عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

 

پاڈر کے چھتو علاقے کی دو بیمار خواتین
پولیس وفوج نے کاندھوں پر اٹھاکر کیا ہسپتال منتقل
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے سب ڈویژن پاڈر کے چھتو علاقہ میں منگل کی علی الصبح پولیس وفوج نے دو بیمار خواتین کو علاج و معالجے کیلئے ہسپتال منتقل کیاجہاں انکا علاج جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ چھتو علاقہ کا ہے جہاں جموں سے آئی خواتین چھتو ماتا یاتراپر جارہی تھیں کہ انکی طبیعت بگڑ گئی جبکہ انھیں چلنا بھی دشوار ہورہاتھا جسکے بعداسکی اطلاع مقامی پولیس و فوج کو دی گئی اور پولیس و فوج نے کاروائی عمل میں لاتے ہوئے دونوں خواتین کو چھتو سے سوہل گلاب گڑھ تک آٹھ کلومیٹر پیدل کاندھوں پر اٹھاکر پی ایچ سی پہنچایا جہاں انکا علاج کیا گیا۔ انکی شناخت نیلم کماری ساکنہ ڈگیانہ جموں اور ویشنو دیوی ساکنہ فلایاں منڈل جموں کے طور ہوئی۔انکے گھروالوں نے مدد کیلئے پولیس وفوج کا شکریہ اداکیا۔

 

ایس ایس پی ڈوڈہ کا چرالہ دورہ
عوامی مسائل کا جائزہ لیا، صاف ستھرا سماج بنانے پر دیا زور
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //عوامی رسائی پروگرام کے تحت ایس ایس پی ڈوڈہ عبد القیوم نے منگل کو چرالہ کا دورہ کرکے تحصیل صدر مقام پر عوامی میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں سرکردہ شخصیات و پنچائتی اراکین نے شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے کئی مسائل سے ایس ایس پی کو آگاہ کیا. جس میں سڑکوں کی خستہ حالی، پینے کے صاف پانی کی کمی،بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی، تعلیمی اداروں و ہسپتالوں میں بنیادی ڈھانچے کی قلت، منشیات مخالف کارروائیوں میں تیزی لانے و مسافر کرایا مقرر کرنے وغیرہ شامل ہیں۔ایس ایس پی نے شرکاء کو یقین دلایا کہ ان مسائل کا ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ آپسی بھائی چارہ برقرار رکھیں اور سماجی جرائم کے خاتمے میں پولیس کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ پاک و صاف ماحول قائم ہو سکے۔ ایس ایس پی نے علاقہ میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرنے و پولیس کو معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی۔اس موقع پر بی ڈی سی چیئرپرسن بپنا منہاس، تحصیلدار چرالہ گلشن کمار، بی ڈی اوسنجیو کمار، میجر، 4 آر آر، سمیر، ایس ایچ او انسپکٹر امرت کٹوچ اور آئی سی پی پی کراڑہ بھی موجود تھے۔

 

سجاد احمد کچلو کی فاروق عبداللہ و عمر عبداللہ سے ملاقات
خطہ چناب کے عوامی مسائل و تنظیمی امور پر کیا تبادلہ خیال
کشتواڑ //سینئر و زونل صدر نیشنل کانفرنس سجاد احمد کچلو نے پارٹی صدر فاروق عبداللہ و نائب صدر عمر عبداللہ سے سرینگر میں ملاقات کی اور خطہ چناب کے حوالے سے مختلف امور و باالخصوص خطے میں تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔کچلو نے اعلیٰ قیادت کو یقین دلایا کہ پارٹی آنے والے انتخابات میں خطے میں زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرے گی۔انہوں نے خطہ چناب کے مختلف پاور پروجیکٹوںمیں نوجوانوں کی بے روزگاری سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مقامی نوجوانوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔سابق وزیر نے فاروق عبداللہ و عمر عبداللہ کو خطہ چناب کی عوام کو درپیش کئی مشکلات کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ناقص طبی نظام و تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی سے انہیں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کچلو کو یقین دلایا کہ ان مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

 

 

جموں میں بھاجپا کامضبوط قلعہ کمزور، اپنی پارٹی کو بھر پور حمایت مل رہی ہے:منجیت سنگھ
پارٹی صوبائی صدر کایکساں ترقی اور سماج کے کمزور طبقہ جات کی بہتری پرزور دیا
جموں// اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں اور سابقہ وزیر منجیت سنگھ نے کہا ہے کہ جموں میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے مضبوط گڑھ سے اپنی پارٹی کو بھر پور عوامی حمایت حاصل ہوئی ہے کیونکہ لوگوں کاقومی سیاسی جماعت سے اعتماد اْٹھ گیا ہے۔ گنگیال میں کامیاب کے روزہ کنونشن کے بعد گاندھی میں پارٹی دفتر پر خواتین ونگ ودفتری عہدیداران کی ایک منعقدہ میٹنگ کے دوران منجیت سنگھ نے منتظمین اور عوام کی سراہنا کی جنہوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہاکہ یک روزہ خواتین کنونشن میں عوام کی شرکت حوصلہ افزا تھی اور اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور اِس کی عوام مخالف پالیسیوں کو چھوڑ دیا ہے کیونکہ قومی جماعت نے جموں کے مفادات کے ساتھ سمجھوتہ کیا اور لوگوں کی کوئی ترقی نہیں کیا۔منجیت سنگھ نے کہا’’وہ(بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈرز)والے اپنے آپ کو جموں کا واحد چمپئن کہلانے کا دعویٰ کرتے ہیں ، البتہ لوگوں کو اْن کے اصلی ارادوں ، تفرقہ انگیز ایجنڈہ اور پالیسیوں سے باخبر کرنا ہوگا جوکہ نوجوان اور عوام مخالف ہیں‘‘۔ انہوں نے مزید کہاکہ اشیاء￿ ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے لوگ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہیں۔صوبائی صدر نے کہاکہ اپنی پارٹی نے عوام دوست پالیسیوں کی وجہ سے ایک اْمید پیدا کی ہے، ہماری توجہ پچھلے چار سالوں سے مشکلات کے بھنور میں پھنسے لوگوں کو باہر نکالنا ہے، لوگوں کا دیگر سبھی روایتی سیاسی جماعتوں سے اعتماد اْٹھ گیا ہے، اپنی پارٹی کی صورت میں اْنہیں اْمیدکی کرن نظر آرہی ہے۔ اب پارٹی ورکروں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کے اِس اعتماد کو بنائے رکھیں۔اس دوران دیگر عہدیدران نے بھی پارٹی کی مضبوطی ، موجودہ سیاسی صورتحال اور عوامی مسائل پر اپنے تاثرات پیش کئے۔

 

بدھل سے متعدد نیشنل کانفرنس اور بی جے پی ورکرو اپنی پارٹی میں شامل
چودھری ذوالفقار علی نے بدھل۔شوپیان سڑک کی تعمیر اور بدھل کو تحصیل کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا
بدھل(راجوری) //اپنی پارٹی نائب صدر اور سابقہ کابینہ وزیر چودھری ذوالفقار علی نے بدھل۔شوپیان سڑک کی تعمیر اور بدھل کو تحصیل کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔یہ مطالبات انہوں نے بدھل کے دور افتادہ گبر باتھان علاقہ میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران اْجاگر کئے جس کی لوگوں نے ہاتھ اْٹھاکرتائید کی۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے چودھری ذوالفقار علی نے کہاکہ سابقہ دور حکومت میں شوپیان سے بدھل سڑک کی تعمیر کے لئے ڈی پی آر تیار کیاگیاتھا اور اِس کی تعمیر کا تخمینہ 300کروڑ روپے تھا اور اْس وقت کابینہ وزیر نتن گڈکری اور اْس وقت کے وزیر اعلیٰ ریاست جموں وکشمیر کے درمیان اجلاس میں حکومت ِ ہند نے اصولی طور تعمیر کے لئے حامی بھی بھر لی تھی۔ بین علاقائی رابطہ کا لحاظ سے یہ سڑک انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ علاوہ ازیں اس سے علاقہ کی اقتصادی صورتحال بہتر ہوگی اور سڑک کے مضافات میں سیاحت کو فروغ ملے گا کیونکہ مجوزہ روٹ کے آس پاس ہی سات خوبصورت جھیلیں واقع ہیں۔ موصوف نے مزید کہاکہ کچھ عرصہ قبل لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ ملاقی وفد نے بھی یہ معاملہ موصوف سے زیر بحث لایاتھا جس پر وفد کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ترجیحی بنیادوں پر سڑک کا کام کیاجائے گا۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ بدھل کو تحصیل کا درجہ دیاجائے کیونکہ یہاں کے لوگوں کو 60کلومیٹر مسافت طے کر کے ضلع صدر مقام راجوری جانا پڑتا ہے۔ یہ علاقہ ضلع سے دور دراز واقع ہے۔ انتظامی معاملات کے لئے لوگوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر کوٹرنکہ جانے میں بہت مشکلا ت سے گذرنا پڑتا ہے کیونکہ یہ بدھل سے 40کلومیٹر دور ہے۔ یہ علاقہ کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ ہے لہٰذا حکومت اِس کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرے۔انہوں نے انتظامیہ پرزور دیاکہ علاقہ میں ترقیاتی کاموں میں بھی سرعت لائی جائے جوکہ عرصہ دراز سے التوا میں پڑے ہیں یا اْن پر انتہائی سست روی سے کام جاری ہے۔موصوف نے سرکاری اسکولوں میں ڈھانچہ کی فراہمی اور تدریسی عملہ کی تعیناتی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ خطہ میں سیاحتی شعبہ کو ترقی دینے پرزور دیا۔

 

پیر صدیق شاہ کا سالانہ عرس اختتام پذیر
عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کے سرحدی علاقہ ساوجیاں کے گنتڑ کے مقام پر واقع زیارت پیر سید صدیق شاہ رحمت اللہ علیہ کا دوروزہ عرس منگل کو اختتام پذیر ہوا جس میں ضلع بھر سے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس دوران بڑے تزک واحتشام کے ساتھ منعقدہ عرس میں پہلے روز حسب روایت قرآن خوانی خطمات ومعظمات درودوازکار اور دعاہوئی۔ دوسرے اور آخری دن ایک اہم محفل کا اہتمام کیاگیاجس میں ضلع کے نامور علماء کرام نے اولیاء کاملین کے حوالے سے شریعت مطہرہ کی روشنی میں بیانات کئے ۔پروگرام کی صدارت وادی کشمیر گاندربل صباپورہ سے آئے ہوئے پیر شمس الدین نے کی۔اس دوران سماجی کارکن سابقہ سرپنچ پیر نثار حسین نے بھی عوام الناس کو اپنے قیمتی نصائیخ سے نواز۔ پیر طارق حسین شاہ نے بات کرتے ہوے کہاکہ یہاں ہر سال کی طرح دو روزہ عرس بڑے عقیدت واحترام کے ساتھ اپنے اختتام کوپہنچا ہے جس میں ضلع سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ انہوں نے تحصیل انتظامیہ بالخصوص جموں وکشمیر پولیس محکمہ بجلی محکمہ جل شکتی ،ٹریفک پولیس جنگلات پنچائیت ودیگر جن جن محکموں کے کارکنان نے عرس میں بہترین طریقے سے ذمہ داری نبھائی اور عرس کو پائے تکمیل تک تاخیر و عافیت پہنچایاان تمام کا شکریہ اداکیاہے۔اس موقہ پر پیر شہراز گیلانی نے کہاکہ پہلے روز اور آج دوسرے روز بڑی عقیدت سے سالہاسال کی طرح عرس منایاگیاجس میں کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

 

 

 

 

 

تھنہ منڈی میں میڈیکل کیمپ منعقد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سرحدی ضلع راحوری کے سب ڈویزن تھنہ منڈی کے سرکاری ہسپتال میں مفت آنکھوں کی چیک آپ کے کیمپ کا اہتمام کیا گیا چیف میڈیکل آفیسر راجوری عبدل حمید ذرگر نے اس کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس کیمپ میں دوردراذ علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے بیشتر لوگوں نے مفت طبعی جانچ کروای اس دوران جن لوگوں کو مزید علاج و آپریشن ہونے تھے ۔ان کو جی ایم سی راجوری میں مفت آپریشن کیا وہیں سی ایم او راجوری نے بولتے ہوئے کہا کہ ہم نے پورے ضلع میں مفت آنکھوں کے طبی کیمپوں کا اہتمام کیا ہے جن میں لوگوں کا مفت میں علاج کیا جائیگا۔انھوں نے کہا کہ آنکھیں قدرت کی جانب سے انسانوں کو دیئے گئے پیش بہا عطیات میں سے ایک انمول عطیہ ہے اور آنکھیں ایک حساس عضو ہے لیکن عام طور پر آنکھوں کی حفاظت کے تعلق سے لاپرواہی برتی جاتی ہے جس کے باعث تقریبا 90 فیصد افراد کی بینائی وقت سے پہلے ہی کمزور ہورہی ہے انہوں نے کہا کہ آج کے اس عصری دور میں ہر فرد کو باقاعدہ بینائی کا معائنہ کروانا ناگزیر ہوگیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو راجوری ہسپتال میں جاکر چیک اپ کروانا پڑتا تھا جس سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ اسلئے انہوں نے نزدیک ہی ایسے کیمپ لگائے ہیں تاکہ دور دراذ علاقہ جات کے لوگوںکو آسانی ہو جائے ان کیمپوں میں صرف لوگوں کی جانچ کی جاتی ہے اس کے بعد گورنمنٹ میڈیکل راجوری میں بلا کر آپریشن و دیگر علاج و معالجہ کیا جائگا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ ایسے کیمپوں میں شرکت کر کے فائدہ حاصل کریں اس کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کو تعینات کیا گیا تھا۔اس کیمپ میں معائینہ کروانے والوں کو حسب ضرورت ادویات تقسیم کی گئیں۔ وہیں لوگوں نے اس کیمپ کیلئے سی ایم او راجوری و کیمپ کی پوری ٹیم کاشکریہ ادا کیا۔

 

ڈوڈاج میں جامعہ مسجد کی تعمیر جاری
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // وادی درہال ملکاں کے ڈوڈاج میں ایک عظیم الشان جامع مسجد کا تعمیری کام شد و مد سے جاری ہے یاد رہے کہ اس خوبصورت مسجد کا سنگ بنیاد کچھ ہی عرصہ پہلے رکھا گیا تھا لیکن یہاں کے لوگوں کے ایمانی جوش و جزبے کی وجہ سے اس کا کام اختتامی مراحل میں داخل ہو چکا ہے جس کا سہرا یہاں کے عوام اور تعمیری کمیٹی کو جاتا ہے جنہوں نے دن رات محنت اور لگن سے مسجد کی تعمیر میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی ہے اور نتیجتاً ایک عظیم الشان دو منزلہ مسجد آج تعمیر کے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے لیکن اس مسجد کا ابھی بہت سارا کام باقی ہے۔ لہٰذا اس موقع پر تعمیری کمیٹی جامع مسجد ڈوڈاج کے معزز ارکان نے موضع ڈوڈاج اور گردونواح کے مکینوں اور جملہ اہل ایمان کو دلی مبارکباد پیش کی ہے اور عوام و خواص سے مخلصانہ اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد شریف کا باقی ماندہ کام پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا بھرپور تعاون پیش کریں تاکہ مستقبل قریب میں ایک عظیم الشان جامع مسجد بن کر تیار ہو جائے اللہ تعالیٰ آپ سب کو جزائے خیر عطا فرمائے۔

 

پہاڑیوں کو ایس ٹی کا درجہ دینے کا معاملہ
پہاڑی ٹرائب ایس ٹی فورم نے انتظامیہ کو یاداشت پیش کی
پونچھ// پہاڑی ٹرائب ایس ٹی فورم نے پہاڑی قبیلے کو جلد از جلد ایس ٹی کا درجہ دینے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر، پونچھ کے ذریعے وزیر اعظم ہند کو میمورنڈم پیش کیا۔ ڈپٹی کمشنر پونچھ اندرجیت جی نے میمورنڈم وصول کیا اور وفد کو یقین دلایا کہ اصل دستاویز کو بغیر کسی تاخیر کے مطلوبہ دفتر میں جمع کرایا جائے گا۔ واضح رہے کہ حال ہی میں جموں و کشمیر سماجی اور تعلیمی طور پر پسماندہ طبقات کمیشن نے دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) اور پہاڑی برادری کو تحفظات سے متعلق اپنی عبوری اور ضمنی رپورٹیں حکومت کو پیش کی ہیں۔ اب امید ہے کہ جموں و کشمیر حکومت جلد ہی حتمی فیصلہ کرے گی جس کے بعد مرکزی وزارت داخلہ نے تحفظات کا معاملہ پارلیمنٹ میں سمجھایا جس کے بعد سے یہ ماناجانے لگا کہ پہاڑیوں کو شیڈولڈ ٹرائب (ST) کا درجہ ملنا چاہئے تاکہ یہ سیاسی تحفظات کے بھی اہل ہوںکیونکہ حد بندی کمیشن نے 90 حلقوں کی قانون ساز اسمبلی میں ایس ٹی کے لئے10 فیصد سیٹیں محفوظ کی ہیں۔ کمیشن کی طرف سے ابھی حتمی رپورٹ دینا باقی ہے جو مارچ 2020 میں سفارشات کو حتمی شکل دینے کے لئے دو سال کی مدت کے ساتھ قائم کیا گیا تھا۔ تاہم جموں و کشمیر حکومت کو ایک عبوری اور ضمنی رپورٹ پیش کی گئی ہے۔ کمیشن کی سربراہی جسٹس (ریٹائرڈ) جی ڈی شرما کر رہے ہیں اور اس میں روپ لال بھارتی اور منیر خان بطور ممبر شامل ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنرسے ملنے والے پہاڑی ٹرائب ایس ٹی فورم کے ایگزیکٹو ممبران میں نریش پال ورما نائب سرپنچ منگنار، ڈاکٹر راہل کھجوریہ، ٹھاکر سوریا پرتاپ، نشول شرم، ڈاکٹر نتن شرما، سید نصرت شاہ کاظمی، ایڈوکیٹ بھانو پرتاپ، ایڈوکیٹ افتخار بزمی ، ایڈوکیٹ سنجیو کمار شرما شامل تھے۔

 

ایڈیٹر شہربین کیساتھ تعزیت
بانہال//ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن رام بن کا ایک تعزیتی اجلاس بانہال میں ضلع صدر محمد تسکین کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں نامور براڈ کاسٹر اور پروگرام شہربین کے نگران اور ایڈیٹر مقصود احمد کی والدہ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور مقصوداحمد سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر مرحومہ کے ایصال ثواب اور جنت نشینی کیلئے اللہ رب العزت سے دعا مانگی گئی۔ تعزیتی اجلاس میں صحافی جاوید احمد سوہل ، مدثر احمد میر ، راشد رسول ماگرے اور راقب خان بھی موجود تھے۔