عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر حکومت نے جمعرات کو اسمبلی میں بتایا کہ گھریلو بجلی صارفین کے لیے ’’بجلی ایمنسٹی اسکیم‘‘شروع کی جا چکی ہے جبکہ انتودیہ انا یوجنا (AAY)کے تحت آنے والے خاندانوں کو ہر ماہ 200 یونٹس مفت بجلی فراہم کرنے کی تجویز منظوری کے آخری مرحلے میں ہے۔یہ جانکاری ایم ایل اے بلونت سنگھ منکوٹیہ کی جانب سے بجلی واجبات سے متعلق پوچھے گئے ایک ستارے والے سوال (اے کیو نمبر 465) کے تحریری جواب میں دی گئی۔ حکومت نے ایوان کو آگاہ کیا کہ ایمنسٹی اسکیم حکومتی حکم نامہ نمبر 114-جے کے پی ڈی ڈی مورخہ 4 اگست 2025کے تحت نافذ کی گئی ہے۔جواب کے مطابق اس اسکیم کے تحت 31 مارچ 2025 تک کے بقایا بجلی واجبات پر عائد سود اور سرچارج معاف کیے جائیں گے۔ یہ اسکیم31 مارچ 2026تک مؤثر رہے گی۔
حکومت نے مزید کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے ہر اے اے وائی زمرے کے گھرانے کو ماہانہ 200 یونٹس مفت بجلی فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ جواب میں کہا گیا،اے اے وائی خاندانوں کو 200 مفت بجلی یونٹس فراہم کرنے کے منصوبے کی منظوری آخری مرحلے میں ہے۔
حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد معاشی طور پر کمزور طبقوں کو راحت فراہم کرنا، بروقت بل ادائیگی کی حوصلہ افزائی کرنا اور بجلی شعبے میں مجموعی محصولات کی وصولی کو بہتر بنانا ہے۔ایوان کو یہ بھی بتایا گیا کہ یہ اسکیم محکمہ پی ڈی ڈی کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے، جن کا ہدف صارفین پر بوجھ کم کرنا، طویل عرصے سے زیر التوا بجلی واجبات کا ازالہ کرنا اور یونین ٹیریٹری میں بجلی کی تقسیم سے متعلق اصلاحات کو مضبوط بنانا ہے۔
اے اے وائی خاندانوں کو 200 مفت بجلی یونٹس کی منظوری آخری مرحلے میں: حکومت ِ جموں کشمیر