جموں //حاضر سروس پولیس اہلکاروں / ایس پی اوز ، مہلوک اہلکاروں کے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے اپنی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے 106بچوں کیلئے 8.56 لاکھ روپے سے زائد کی سکالر شپ منظور کردی۔ ڈی جی پی نے حوصلہ افزائی اور حوصلہ بڑھانے کے لئے سنٹرل پولیس ویلفیئر فنڈ میں سے تعلیمی سال 2019۔20 کے لئے جاں بحق پولیس اہلکاروں کے 76 بچوںکے لئے 5.50 لاکھ روپے سے زائدوظیفہ کی منظوری دی ہے۔ پوسٹ گریجویشن کرنے والے مہلوک پولیس اہلکاروں کے پانچ بچوں کے حق میں ہر ایک کو 12000 روپے اور گیارہویں سے گریجویشن تک مختلف کلاسوں میں زیرتعلیم مہلوک پولیس اہلکاروں کے 29 بچوں کے حق میں 10000 روپے فی کس کی منظوری دی گئی ہے۔ مختلف مڈل کلاس میں پڑھنے والے دس بچوںکے حق میں ہر ایک کو 6000 روپے اور نرسری اور پرائمری کلاسوں میں تعلیم حاصل کرنے والے چھ بچوںکے حق میں ہر ایک کو 2400 روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ جبکہ متوفی پولیس اہلکاروں کے 26 وبچوںکے حق میں ہر ایک کو 5000 روپے دیئے گئے ہیں جو مختلف کلاسوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے سال 2019۔20 کے دوران مختلف مسابقتی امتحانات کوکوالیفائی کرنے پر پولیس اہلکاروں / ایس پی او کے 22 بچوں کے حق میںفی کس10000 روپے انعام بھی منظور کیا ہے۔