عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی //جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے ضلع ریاسی کے پولیس پوسٹ تلواڑہ میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل پرویز احمد بھٹی کو پانچ ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ 1988 کی دفعہ 07 کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔اے سی بی کے مطابق ملزم ہیڈ کانسٹیبل پرویز احمد بھٹی، ولد مرحوم محمد دین،سکنہ تحصیل حویلی ضلع پونچھ، اس وقت پولیس پوسٹ تلواڑہ ضلع ریاسی میں تعینات تھا۔ شکایت گزار نے اینٹی کرپشن بیورو کو اطلاع دی کہ مذکورہ اہلکار اس کے خلاف درج ایک مقدمے کی تفتیش کے دوران بعض قانونی دفعات ختم کرنے کے بدلے اس سے رشوت طلب کر رہا ہے۔شکایت گزار نے رشوت دینے کے بجائے اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع کیا جس کے بعد ادارے نے ابتدائی طور پر خفیہ جانچ کی۔
جانچ کے دوران رشوت طلب کیے جانے کی تصدیق ہونے پر اے سی بی پولیس اسٹیشن ادھم پور میں ایف آئی آر نمبر 05/2026 درج کر کے باضابطہ تحقیقات شروع کی گئیں۔تحقیقات کے دوران ڈی وائی ایس پی رینک کے افسر کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے منصوبہ بندی کے تحت جال بچھایا۔ ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو شکایت گزار سے پانچ ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے آزاد گواہوں کی موجودگی میں رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔اے سی بی کے مطابق ملزم کے قبضے سے رشوت کی رقم بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ بعد ازاں قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ملزم کو موقع پر ہی حراست میں لے لیا گیا۔ اس کے علاوہ مجسٹریٹ کی موجودگی میں تلواڑہ میں واقع ملزم کے رہائشی کوارٹر کی تلاشی بھی لی گئی۔اینٹی کرپشن بیورو نے بتایا کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس کیس کے تمام پہلوؤں کو سامنے لایا جا سکے۔