راجوری //ضلع الیکشن افسر راجوری ڈاکٹرشاہد اقبال چوہدری نے سپیشل سمری ریویژن 2018کے انتظامات کاجائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ منعقد کی جس دوران کئی اہم فیصلے لئے گئے ۔ایک اہم فیصلے کے طور پرا س موقعہ پر 163اساتذہ کی بطور بی ایل او ڈیوٹی ختم کرتے ہوئے ان کی جگہ دوسرے محکموں کے ملازمین کو تعینات کیاگیا۔ یہ بھی بتایاگیاکہ مزید دو سو اساتذہ کو بھی اس ڈیوٹی سے واپس کیاجائے گا۔میٹنگ کے دوران ضلع میں 54نئے پولنگ اسٹیشنوں کو منظوری دینے کیلئے سفارش کی گئی ۔میٹنگ میں ایس ڈی ایمز گوپال سنگھ ،کرتار سنگھ ، خالد حسین ، تحصیلدار ،ضلع صدر بی جے پی دنیش شرما، ضلع صدر کانگریس سائیں رشید ، ضلع صدر پی ڈی پی اعجاز مرزا اور دیگر پارٹیوں کے لیڈران بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر بتایاگیاکہ 14اور21اکتوبر کو ضلع بھر کے تمام 517پولنگ بوتھوں پر خصوصی کیمپ منعقد کئے جائیںگے جس دوران لوگوں کی ووٹر فہرستیں درست کی جائیںگی اور شکایات اور اعتراضات دور کئے جائیںگے ۔الیکشن کمیشن کی طرف سے تین اکتوبر سے یکم نومبر تک اعتراضات پیش کرنے کا وقت دیاگیاہے ۔ڈاکٹر شاہد نے سیاسی پارٹیوں کے لیڈران سے کہاکہ وہ نئے پولنگ اسٹیشن قائم کرنے کے حوالے سے اپنی طر ف سے تجاویز پیش کریں ۔