جموں//ضلع سانبہ میں گورنر کے مشیر کے وِجے کمار نے ایک اجلاس کے دوران سانبہ میں 129انفینٹری بٹالین( ٹی اے) ایکولوجیکل کی ایک اضافی کمپنی معرض وجود میں لانے کے امکانات کا جائزہ لیاکہ یہ بٹالین ریاست میں ماحولیات کی بحالی کے لئے سٹیٹ فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری جنگلات ایم کے دویدی ، پرنسپل چیف کنزرویٹر سریش چُگ ، سی سی ایف جموں سمیر بھارتی ، کمانڈنگ آفیسر 129انفینٹری بٹالین کرنل نندو کمار ، سپیشل سیکرٹری ( ٹیکنیکل)جنگلات کے رومیش کمار ، ڈائریکٹر سینک ویلفیئر بورڈ اور محکمہ جنگلات کے دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔میٹنگ کے دوران بٹالین کو تفویض کئے گئے مختلف کاموں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی گئی جن میں شجرکاری سرگرمیاں ،پروجیکٹوں کی نگرانی،زمین اور پانی کا تحفظ ،قدرتی وسائل کا انتظام اور جانکاری کو وسیع پیمانے پر عام کرنا شامل ہے۔شجرکاری مہم کے لئے مختص رکھے گئے کل رقبے اور 129انفینٹری بٹالین کی تاسیس سے لے کر اب تک بٹالین کی سرگرمیوں کے بارے میں بھی میٹنگ کے دوران جانکاری دی گئی ۔ا س کے علاوہ میٹنگ میں بٹالین کی مختلف حصولیابیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ شجر کاری پروجیکٹوں بشمول روئی واٹر شیڈ پروجیکٹ ، باہوجندرا پروجیکٹ،کیمپا ، باہو پرمنڈل پروجیکٹ اور بنی بسوہلی پروجیکٹ کے تحت 5211 ہیکٹر اراضی کو شجر کاری کے دائرے میں لایا گیا اور بٹالین کے اہلکاروں نے اب تک اس رقبے پر 42.10لاکھ پودے لگائے ہیں۔بٹالین کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے جانکاری دی گئی کہ یہ بٹالین شیوالک سلسلے میں خستہ جنگلاتی اراضی کو قابل استعمال بنانے کے لئے کارگر ثابت ہوئی ہے ۔اس طرح اس جنگلاتی رقبے میں شجر کاری کے ذریعے جہاں ماحولیات کو تحفظ فراہم ہوا ہے وہیں ریاست میں اقتصادی سطح پر ترقی کی ہے۔جنگلاتی علاقوںمیں پودے لگانے کے لئے اس بٹالین کو سال 2000میں ’’ اندرا پریا درشنی ورکشا مترا ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا۔میٹنگ میں بٹالین کی اضافی کمپنی تشکیل دینے کی ضروریات پر بھی غور و خوض کیا گیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ جنگلات یہ کام مقرر ہ مدت کے اندر شروع کرے گا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ مجوزہ کمپنی کوموجودہ کمپنی کے ساتھ مل کرجموں خطے کے دُور درازاور جنگلاتی علاقوں میں ماحولیات کو تحفظ فراہم کرنے کا کام سونپا جاسکتا ہے۔دریں اثنا ڈی ایف اور ڈیکو ٹاسک فورس نے بسوہلی ڈویژن کی سرگرمیوں اور پچھلے ڈیڑھ برس کے دوران فورس کی حصولیابیوں کا خاکہ پیش کیا۔گورنر کے مشیر کے وِجے کمار نے کہا کہ مستقبل میں ممکنہ طور توسیع کے لئے طبعیاتی اور مالی وسائل کا مناسب استعمال کیا جائے گا ۔انہوں نے ای ٹی ایف کی کوششوں کو بھی سراہا۔