کرتویہ پتھ پر صدرِ جمہوریہ نے لہرایا ترنگااور پریڈ پر سلامی لی
عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// ہندوستان نے 77ویں یومِ جمہوریہ کو پورے وقار اور جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ قومی راجدھانی میں کرتویہ پتھ پر صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے قومی پرچم ترنگا لہرایا اور اس طرح یومِ جمہوریہ کی مرکزی تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ ترنگا لہراتے ہی قومی ترانے کی گونج فضا میں پھیل گئی اور 105 ملی میٹر کی دیسی لائٹ فیلڈ گنز سے 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جس نے پورے ماحول کو حب الوطنی کے رنگ میں رنگ دیا۔اس موقع پر صدرِ جمہوریہ کے ساتھ یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر اُرسولا وون ڈیر لاین بطور خصوصی مہمان موجود تھیں۔ وزیرِاعظم نریندر مودی نے سلامی اسٹیج پر دونوں معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ روایت کے مطابق صدرِ جمہوریہ اور مہمانانِ خصوصی کو ہندوستانی فوج کی سب سے سینئر رجمنٹ نے کرتویہ پتھ تک پہنچایا۔ وزیرِاعظم کے ساتھ وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے نائب صدر سی پی رادھا کرشنن کا بھی استقبال کیا۔اس سال کی یومِ جمہوریہ پریڈ میں ہندوستان کی فوجی طاقت، ثقافتی تنوع اور قومی یکجہتی کا دلکش امتزاج پیش کیا گیا۔ پریڈ میں جدید دفاعی نظاموں کی نمائش کے ساتھ ساتھ رنگا رنگ جھانکیوں نے ملک کی تہذیبی وراثت اور ترقیاتی سفر کو اجاگر کیا۔ برہموس اور آکاش جیسے جدید میزائل نظاموں کی جھلک نے دفاعی خود کفالت کے عزم کو نمایاں کیا۔یومِ جمہوریہ کی تقریبات کا ایک اہم اور پُراثر پہلو شاندار فضائی مظاہرہ رہا۔ ثقافتی پروگرام کے تحت تقریباً 2500 فنکاروں نے اپنی پیشکشوں کے ذریعے وندے ماترم اور آتم نربھر ہندوستان کے جذبے کو اجاگر کیا۔ اس کے علاوہ وزیرِاعظم کے ریڈیو پروگرام من کی بات کے شرکاء، کرتویہ بھون کی تعمیر میں شامل محنت کش، لکھ پتی دیدی اور دیگر ممتاز شہریوں سمیت تقریباً دس ہزار خصوصی مہمان پریڈ دیکھنے پہنچے۔ یوں 77واں یومِ جمہوریہ آئین، جمہوری اقدار اور قومی اتحاد کے عہد کی ایک شان دار مثال بن کر سامنے آیا۔پریڈ کے دوران مجموعی طور پر 30 جھانکیاں پیش کی گئیں۔ جن میں 17 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی تھیں جبکہ 13 مختلف وزارتوں اور خدمات سے متعلق تھیں۔ حکام کے مطابق جھانکیوں کا مرکزی موضوع آزادی کا منتر وندے ماترم اور خوشحالی کا منتر خود انحصار ہندوستان تھا۔ یہ تھیم وندے ماترم کے 150 سالہ سفر اور خود کفیل ہندوستان کی جانب تیز رفتار پیش رفت کو ظاہر کرتا ہے۔