عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// ڈیموکریٹک پروگریسیو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے لیڈر انجینئر نذیر احمد یتو نے پہلگام حملے کے بعد یوسمرگ، دودھ پتھری اور توسہ میدان میں سیاحتی سرگرمیوں کی مسلسل معطلی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس صورتحال نے مقامی آبادی کو بدترین معاشی بحران میں دھکیل دیا ہے۔
یتو نے ایک بیان میں کہا کہ ان علاقوں سے وابستہ مرکبان،ے، ہوٹل مالکان، دکاندار اور روزانہ کی کمائی پر منحصر مزدور فاقہ کشی پر مجبور ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد سے سیاحتی سرگرمیاں بند پڑی ہیں، اور سردیوں کے آغاز نے مقامی لوگوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔
انجینئر یتو کے مطابق، یوسمرگ، دودھ پتھری اور توسہ میدان کی پوری معیشت سیاحت پر ٹکی ہے، اور موجودہ بندشوں نے سینکڑوں خاندانوں کو بے سہارا کر دیا ہے۔ ’’یہ لوگ دن بھر کی کمائی پر گھر چلاتے ہیں، آج ان کے پاس کھانے کے بھی لالے پڑے ہیں،‘‘ یتو نے افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے فوری معاشی ریلیف، مالی امداد اور خصوصی پیکیج کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو انسانی بنیادوں پر مداخلت کرنی چاہئے تاکہ متاثرہ خاندان سخت سردی میں بھوک و افلاس سے محفوظ رہ سکیں۔
یتو نے زور دیا کہ انتظامیہ زمینی صورتحال کا فوری جائزہ لے اور متاثرہ علاقوں میں سیاحتی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے جامع حکمت عملی تشکیل دےکر ان سیاحتی مقامات پر آواجاہی کو بحال کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات نے مقامی آبادی کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے اور حکومت کی فوری توجہ ناگزیر ہے۔