محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن میں بدھ کی دوپہر جموں،سری نگر قومی شاہراہ پر رامسو کے قریب گنگرو علاقے میں پہاڑی سے گرے پتھروں کی زد میں آکر ایک ٹمپو ٹریولر میں سوار میاں بیوی جاں بحق جبکہ چار دیگر زخمی ہوگئے۔ٹمپو ٹریولر زیررجسٹریشن نمبر JK06B- 9842بانہال سے رام بن کی جانب جا رہا تھا کہ گنگرو علاقے سے گزرتے ہوئے اچانک پہاڑی سے گرے پتھروں کی زد میں آگیا، جس کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار مسافر اندر پھنس گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ہمالین کیو آر ٹی رامسو کے رضاکاروں اور بانہال والنٹیئرز کے ارکان نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں اور دیگر مسافروں کو تباہ شدہ گاڑی سے باہر نکال کر علاج کے لیے پرائمری ہیلتھ سینٹر رامسو منتقل کیا۔حکام کے مطابق حادثے کے وقت ٹمپو ٹریولر میں 7 مسافر سوار تھے۔مہلوکین میں نذیر احمد اور انکی اہلیہ شکیلا بیگم ساکن کشتی گڑھ شامل ہیں۔ جبکہ گلزار احمد، اختر حسین، تسلیمہ بانو اور ارشاد احمد زخمی ہوئے۔