عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ملی ٹینسی کی حمایت کرنے والے ماحولیاتی نظام کو ختم کرنے کے مقصد سے ایک بڑے سیکورٹی آپریشن میں پولیس نے اننت ناگ واقعے کے بعد متعدد مقامات پر وسیع پیمانے پر چھاپے مارے۔قابل اعتماد انٹیلی جنس کی بنیاد پر اور جاری تحقیقات کے حصے کے طور پر کئے گئے مربوط آپریشنز کے نتیجے میں تقریباً700مشتبہ اوور گرانڈ ورکرز کو قانونی طریقہ کار کے مطابق پوچھ گچھ اور تصدیق کے لیے حراست میں لیا گیا۔یہ کارروائیاں دہشت گرد تنظیموں کو لاجسٹک، مالیاتی، مواصلاتی، نقل و حمل، پناہ گاہ اور دیگر اقسام کی مدد فراہم کرنے والے نیٹ ورکس کی نشاندہی کرنے اور اسے بے اثر کرنے کے مقصد سے کی گئی ہیں۔ ہندواڑہ پولیس ضلع بھر میں ایک وسیع علاقے پر تسلط اور تلاشی مہم شروع کی ، جس میں اہم مقامات پر خصوصی ناکے قائم کیے گئے ہیں۔سینکڑوں مشتبہ اوور گرانڈ ورکرز، کو جاری سیکورٹی کریک ڈائون کے حصے کے طور پر حراست میں لیا گیا ہے۔ گاندربل پولیس نے ضلع بھر میں مربوط چھاپوں کا ایک سلسلہ شروع کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے ممنوعہ تنظیموں سے وابستہ 100 سے زائد مشتبہ بالائی ورکروں کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔حراست میں لیے گئے افراد سے قانون کے مطابق پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ان کے کردار کسی ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تو نہیں ہے جو یونین ٹیریٹری کی سلامتی کے لیے نقصان دہ ہوسکتے ہیں۔اننت ناگ حملے کے بعد شوپیان میں سیکورٹی سخت اور متعدد مشتبہ افراد حراست میں لے لیے گئے ۔ جاری کارروائی کے دوران متعدد مشتبہ افراد، جن میں بعض مبینہ اوور گرانڈ ورکرزبھی شامل ہیں، کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ اور تصدیقی عمل جاری رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ضلع کے مختلف علاقوں میں کئی مقامات پر چھاپے اور تلاشی مہم بھی انجام دی گئی۔کولگام پولیس نے بھی اسی طرح کی کارروائی دن بھر جاری رکھی۔اس دوران مشتبہ افراد اور اپر گرائونڈ ورکر ہونے کے شبہ میں درجنوں افراد کو دھر لیا گیا۔