عظمیٰ نیوزسروس
بڈگام//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے لالپورہ بیروہ میںمہلوک ہیڈ کانسٹیبل عاشق حسین قریشی کی رہائش گاہ پر گئیں تاکہ حالیہ اننت ناگ ملی ٹینٹ حملے کے دوران فرض کی ادائیگی اُن کی عظیم قربانی کے بعد سوگوار کنبے کے ساتھ یکجہتی کا اِظہار کیا جا سکے۔وزیر موصوفہ کے ہمراہ ممبر اسمبلی بیروہ ڈاکٹر شفیع احمد وانی، رُکن اسمبلی خانصاحب سیف الدین بٹ، ممبر قانون ساز اسمبلی ٹنگمرگ فاروق احمد شاہ اور دیگر متعلقہ اَفسران بھی تھے۔وزیر سکینہ اِیتونے مہلوک ہیڈ کانسٹیبل کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور اہلِ خانہ سے دلی اظہارِ تعزیت کی۔اُننہوں نے اہلِ خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے ۔
اُنہوں نے یقین دِلایا کہ کنبے کی فلاح و بہبود اور باوقار زِندگی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اِمداد اور فلاحی تعاون فراہم کیا جائے گا۔اس موقعہ پر پسماندہ کنبے نے وفد کو بتایا کہ انہیں نوکری فراہم کی جائے اگر وہ چاہتے ہیں کہ یہ کنبہ پھر سے کھڑا ہوسکے ۔انہوںنے کہا کہ مہلوک کانسٹیبل کا والد بھی دوران ڈیوٹی فوت ہوا تھا اور ان کی جگہ ہی اس کی نوکری ملی تھی تاہم اب ان کی وفات سے یہ کنبہ بالکل بے آسرا ہوچکا ہے اور اب اگر اس کنبہ کے افراد کو سرکاری نوکری نہ ملی تو یہ کنبہ گزر بسر نہیں کرسکتا ہے ۔انہوںنے ویر صحت سے اپیل کی کہ کنبہ کیلئے فوری طور نوکری کا بندوبست کیاجائے جس کی تائید مقامی ممبر اسمبلی ڈاکٹر شفیع احمد وانی نے بھی کی اور انہوںنےبھی کنبہ کو نوکری دینے پر زور دیا تاکہ یہ کنبہ اپنا گزر بسر کرسکے۔