چیف سیکرٹری کا تمام محکموںکوکاموں کی باقاعدہ نگرانی پر زور
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے کل ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ میں شری امرناتھ جی یاترا کے بیس کیمپوں اور ٹرانزٹ کیمپوںمیں سہولیات کی مزید بہتری اور اَپ گریڈیشن کے لئے سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) کی جانب سے پیش کی گئی سفارشات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا ۔ یہ سفارشات جاری شری امرناتھ جی یاترا۔2026 کے دوران سی اے پی ایف کی ٹیموںکے ذریعے کئے گئے وسیع زمینی جائزوں پر مبنی تھیں۔چیف سیکرٹری نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شری امرناتھ جی شرئین بورڈ ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری کی جانب سے سی اے پی ایف ٹیموں کی رپورٹس میں پیش کی گئی سفارشات اور مشاہدات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اِس ضمن میں متعلقہ اِنتظامی سیکرٹریوں او رضلع ترقیاتی کمشنروں نے ہر سفارش پر عمل درآمد کی صورتحال پیش کی جس میںپہلے ہی کئے گئے اَقدامات اور باقی ماندہ کاموں کی تکمیل کے لئے مقررہ وقت کا خاکہ پیش کیا گیا۔سفارشات میں یاتریوں کی حفاظت ، سہولیت اور یاترا کے مجموعی تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔
ان میں بیس اور ٹرانزٹ کیمپوں میں رہائشی سہولیات اور بنیادی ضروریات کی اپ گریڈیشن، صفائی، ستھرائی اور حفظانِ صحت کے معیار کو بہتر بنانا، آگ بجھانے کے بہتر اِنتظامات، خیموں کی واٹر پروفنگ نیز منتخب مقامات پر بجلی اور پانی کے قابل اعتماد بیک اپ کا اِنتظام شامل ہے۔میٹنگ میں لنگروں، واش روموں اور غسل خانوں میں حفظانِ صحت کے بہتر انتظامات، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، خیموں اور کیمپوں میں محفوظ الیکٹریکل وائرنگ کو یقینی بنانے کے اَقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔اس کے علاوہ اہم مقامات پر قطار کے اِنتظام کو بہتر بنانے ، غیر ضروری بھیڑ کو روکنے، ٹریفک کی بہتر نگرانی، پارکنگ سہولیت کو بڑھانے اور یاترا کے حساس راستوں پر مزید بارش سے بچاؤ کے لئے شیلٹروں کوقائم کرنے پر بھی زور دیا گیا تاکہ یاتریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیت فراہم کی جا سکے۔چیف سیکریٹری نے اِس بات پر زور دیا کہ یاتریوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔اْنہوں نے تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ ہر سفارش کا باریک بینی سے جائزہ لے کر اس پر تیز رفتاری سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔اْنہوں نے تمام محکموں پر مزید زور دیا کہ وہ قریبی تال میل برقرار رکھیں اور طے شدہ کاموں کی پیش رفت کی باقاعدہ نگرانی کریں اورجاری یاترا کے دوران سامنے آنے والی کسی بھی کمی یا خامی کو فوری اِصلاحی اقدامات کے ذریعے دور کیا جائے تاکہ آئندہ یاترا سے قبل تمام انتظامات مزید مؤثر اور بہتر بنائے جا سکیں۔