ہیلتھ سب سینٹر گھانی کی عمارت کھنڈرات میں تبدیل سرحدی آبادی کو طبی سہولیات میسر نہیں،حکام سے فریادی

جاوید اقبال

مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کی منکوٹ تحصیل کی سرحدی پنچایت لوئر گھانی کے سب سینٹر کی عمارت کھنڈرات بن چکی ہے ۔علاقہ کے لوگوں نے متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کئ سال قبل بنائی گئی عمارت کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے اور اور عمارت غیر محفوظ ہو گئی ہے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ سرحدی لوگوں کیلئے بنائے گئے سب سینٹر کا درجہ بھی نہیں بڑھایاگیا اور نہ عمارت کی طرف توجہ دی گئی جس کی وجہ سے اب عمارت کھنڈرات بن گئی ہے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ عمارت جس میں بیمار لوگوں کا آنا جانا ہوتا ہے اگر اُس کی حالت یہ ہے تو عام عمارتوں کی حالت کیا ہو گی ۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ فوری طور پر عمارت کی حالت کو درست کیا جائے یا نئی عمارت بنائی جائے اور درجہ بھی بڑھایا جائے تاکہ سرحد پر بسنے والے لوگوں کو بنیادی طبی سہولت مل سکے۔ اِس سلسلہ میں سابقہ سرپنچ محمد شفیق چودھری نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمارت کے معاملہ کو لیکر کئی بار متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران سے بات کی گئی لیکن آج تک کچھ نہیں ہوا لہٰذا سرکار سے اپیل ہے کہ فوری طور عمارت کی حالت کو درست کیا جائے ۔