الیکشن پانی ،بجلی سڑک کیلئے نہیں،تشخص کی بحالی کیلئے محبوبہ مفتی کے مینڈھر میں روڈ شوز ،عوامی جلسوںسے خطاب

 جاوید اقبال

مینڈھر//جمعہ کے روز پی ڈی پی سربراہ اور امیدوار اننت ناگ راجوری پارلیمانی حلقہ محبوبہ مفتی مینڈھر میں روڈ شو کے موقعہ پر جب جڑانوالی گلی پہنچی تو ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے خطہ پیر پنجال کے انچارج ایڈوکیٹ محمد رشید قرشی کے قیادت میںانکا استقبال کیا جس کے بعد سینکڑوں کی تعداد میں گاڑيوں کے ایک بڑے قافلے کے ساتھ انہیںہرنی لیا گیا جہاں پر لوگوں سے خطاب کے دوران انہوںنے لوگوں سے ووٹوں کے ذریعے مدد کرنے کی اپیل کی ۔جس کے بعد وہ مینڈھر پہنچی اُور پھرچھترال گئی جہاں پر ایک بھاری جلسہ سے خطاب کیا۔ اُس کے علاوہ کئی جگوں پر ایک درجن سے زائد پروگرام کیے اُور کئی جگوں پر خواتینِ سڑک کے کنارے جمع ہو کر ہار پہنا کر پھول برسائے اُور محبوبہ مفتی نے اُنکا شکریہ ادا کیا۔عوامی جلسوں سے خطاب میں محبوبہ مفتی نے کہاکہ یہ انتخابات سڑک ،بجلی یا پانی کے نام پر نہیں لڑے جارہےبلکہ ریاست جموں و کشمیر کا تشخص ختم کرنے کے خلاف ایک عوامی منڈیٹ کے طور پر لڑے جارہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ 5اگست 2019کے بعد جموںوکشمیر کا تشخص پامال کیاگیا اور اب مقامی وسائل لوٹے جارہے ہیں جبکہ بے روزگاری ،بے کاری ،گھٹن عروج پر ہے۔انہوںنے کہا کہ یہ چنائو حکومت یا بجلی سڑک پانی کیلئے نہیں بلکہ پارلیمنٹ تک ایک موثر آواز پہنچانے کیلئے ہے تاکہ جموںوکشمیر کا نمائندہ پارلیمنٹ میں جموںوکشمیر کے مسائل پر بات کرسکے ۔انہوںنے کہا کہ وہ عوامی مسائل پر بات کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور بلا لحاظ مذہب و فرقہ تمام طبقات کی نمائندگی کی اہل ہیں ،لہٰذا لوگوںکو چاہئے کہ وہ انہیں ووٹ کرکے پارلیمنٹ بھیج دیںتاکہ وہ ان کے جذبات کی ترجمانی کرسکے۔اس موقعہ پر انہوںنے پی ڈی پی دور میں خطہ پیر پنچال میں کئے گئے کام دہرائے اور مغل روڈ سے لیکر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے تاریخی کارناموںکو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس خطہ کی مزید خدمت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم لوگوںسے اپیل ہے کہ وہ انہیں منڈیٹ دیکر پارلیمنٹ بھیجیں تاکہ ان کی داد رسی ہوسکے۔