تازہ برفباری کے مغل روڈ پر ٹریفک نقل و حمل بند، حکم نامہ جاری

عظمیٰ ویب ڈیسک

پونچھ// جموں و کشمیر جاری خراب موسمی صورتحال کے درمیان انتظامیہ نے وادی کشمیر کو پونچھ اور راجوری اضلاع سے ملانے والی تاریخی مغل روڈ کو ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ ہیر پورہ، شوپیاں کی طرف سے جاری ایک مواصلت میں کہا گیا ہے، “محکمہ موسمیات کی جانب سے خراب موسمی ایڈوائزری کو مدنظر رکھتے ہوئے مغل روڈ پر ہیر پورہ سے آگے گاڑیوں کی آمدورفت روکنے کی درخواست کی جاتی ہے۔ پیر کی گلی میں 6 انچ سے زیادہ برف جمع ہوگئی ہے اور ڈبجن میں اب تک برف باری ہورہی ہے۔ جس کی وجہ سے سڑک پر پھسلن/پسیاں اور پتھر گرنے کا خدشہ ہے”۔
مواصلت میں مزید کہا گیا ہے کہ مندرجہ بالا حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے آپ سے گزارش ہے کہ موسم کی بہتری اور سڑک کی صفائی تک گاڑیوں کی آمدورفت کو سختی سے روک دیا جائے۔
یہ مواصلت ایگزیکٹیو انجینئر آر اینڈ بی ڈویژن، شوپیاں، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر، مکینکل انجینئرنگ ڈیپارٹرمنٹ، شوپیاں/ پلوامہ ، معلومات کیلئے تحصیلدار، شوپیاں اور تعاون کیلئے ایس ایچ او پولیس تھانہ ہیر پورہ کو بھیجی گئی ہے۔
بتادیں کہ مغل روڈ اننت ناگ-راجوری لوک سبھا حلقہ میں واحد رابطہ سڑک ہے جو اننت ناگ اور پونچھ راجوری اضلاع کیلئے ایک بہترین اور نزدیکی رابطہ سڑک ہیں۔ اننت ناگ راجوری لوک سبھا حلقہ پر انتخابات 07 مئی کو ہونے والے ہیں۔
اسی دوران بی جے پی سمیت کئی دیگر سیاسی جماعتوں اور افراد نے اس حلقہ پر انتخابات موخر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وہیں الیکشن کمیشن نے بھی اس سلسلے میں جموں و کشمیر کی انتظامیہ اور چیف الیکٹورل آفیسر سے جواب طلب کیا ہے۔