جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے نگروٹہ کے کھیل گائوں کا دورہ کر کے وہاں کھیلوں کے بنیا دی ڈھانچوں پرجاری کے کاموں کا معائینہ کیا۔ سوئمنگ پول پر جاری کاموں کا معائینہ کرتے ہوئے مشیر نے افسران پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی معیار کے مطابق اس کو تیار کریں۔ اُنہوں نے کہا ’’ آؤ اولمپکس کے معیار کے مطابق ہم پورے شمالی اِنڈیامیں اِس کو بہترین تیراکی پول بنائیں۔‘‘مشیر موصوف نے کہا کہ یہاں کے نوجوانوں میں کھیلوں کی ترقی کے لئے جموں و کشمیر سپورٹس کونسل اور محکمہ امور نوجوان و کھیل کود کے مابین تال میل رکھنے کی ضرورت ہے۔مشیر فاروق خان نے سیکرٹری جے اینڈ کے سپورٹس کونسل کو ہدایت دی کہ وہ یوٹی میں باصلاحیت کھلاڑیوں کا ڈیٹا بیس بنائے تاکہ بہترین ہنر کی پرداخت کی جاسکے ۔ اُنہوں نے کہا کہ کھیلوں کی صلاحیتوں کے ڈیٹا بیس سے حکومت اس خطے میں کھیلوں کی وسیع صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لئے بہترین اَفراد کا اِنتخاب کر سکتی ہے۔مشیرموصوف نے زیر تعمیر مصنوعی فٹ بال ٹرف کا بھی معائینہ کیا جہاں انہیں جانکاری دی گئی کہ یہ اِمسال کے مئی تک تیار ہوجائے گا۔ اُنہوں نے دورہ کرنے والے کھلاڑیوں کے لئے پارکنگ زون اوررہائشی گاہوں میں تیار ہونے والی جگہوں کا بھی معائینہ کیا۔مشیر فاروق خان کو جیول اِن تھرو ، شاٹ پوٹ وغیرہ جیسے پروگراموں کے لئے آٹھ لین ایتھلیٹکس ٹریک پر ہونے والے کاموں کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی ۔مشیرموصوف نے مزید کہا کہ شائقین اور کھلاڑیوں کی مزید سہولیت کے لئے کھیل گائوں پروجیکٹ میں اِضافی سہولیات کو شامل کیا جائے۔ اُنہوں نے ان سے ویلوڈروومین کھیل گائوںپروجیکٹ میں شامل کرنے کو بھی کہا۔بعد میں فاروق خان نے مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے قومی و بین الاقوامی تمغہ جیتنے والوں ، رہبر کھیل اساتذہ ، کوچوں اور فزیکل ایجوکیشن اساتذہ سے ملاقات کی اور مختلف کھیلوں میں جانکاری پیداکرنے اور صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لئے امکانات تلاش کریں۔اُنہوں نے اُنہیں یقین دلایا کہ حکومت کھلاڑیوں سے رابطے میں رہے گی اور وسائل کو بہتر بنانے اور کھیلوں کی دستیاب صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے طریقے تلاش کرے گی ۔یہ بات قابلِ ذکر ہے مکمل ہونے کے بعد کھیل گائوں باسکٹ بال ، والی بال ، کبڈی ، تیراکی جیسے مختلف کھیلوں کی میزبانی کرے گی۔