عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ حال ہی میں دستخط کیا جانے والا ہند-یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدہ ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔مودی نے یہ اظہار خیال جمعہ کے روز ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں مرکزی وزیر پیوش گوئل کے ذریعہ لکھے گئے مضمون کو شیئر کرتے ہوئے کیا۔ مودی نے مسٹر پیوش گوئل کی پوسٹ کے جواب میں لکھا، جس میں ہند-یورپی یونین معاہدے کے بارے میں ان کے اپنے مضمون کا بھی حوالہ دیا گیا تھا۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ معاہدہ ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے وژن سے پوری طرح ہم آہنگ ہے۔ مودی نے کہا کہ “انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت انقلابی معاہدے پر پہنچ گئی ہے جو منڈیوں کو وسیع کرنے والاہے، ملازمتیں پیدا کرنے والا ہے، اور ہندوستان کے بنیادی مفادات کا تحفظ کرنے والا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی کے مطابق یہ معاہدہ ہندوستان اور یورپ کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہندوستان کا اب تک کا سب سے بڑا آزاد تجارتی معاہدہ ہوگا، جس سے کسانوں، چھوٹے صنعت کاروں، خدماتی شعبے اور مینوفیکچرنگ کو خاص فائدہ پہنچے گا اور ایک خوشحال مستقبل کی بنیاد مضبوط ہوگی۔مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے کہا کہ ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کا کامیاب اختتام ایک تاریخی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کیے گئے بعض معاہدوں کے برعکس اس بار ہندوستان کے مفادات کو مرکز میں رکھا گیا ہے اور کسی قسم کی جلد بازی نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق یہ سمجھوتہ ملک کی معیشت کے اہم شعبوں کو تقویت دے گا اور خوشحالی کو فروغ دے گا۔پیوش گوئل نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت اور دور اندیشی میں طے پانے والے یہ معاہدے ہندوستان کے بنیادی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کے مطابق اس سے نہ صرف منڈیوں تک رسائی بڑھے گی بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور مجموعی اقتصادی ترقی کو رفتار ملے گی۔اس سے قبل کانگریس کی جانب سے اس معاہدے پر تنقید کے جواب میں پیوش گوئل نے واضح کیا کہ یہ معاہدہ یک طرفہ نہیں بلکہ باہمی فائدے پر مبنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے ہندوستانی کاروباروں اور شہریوں کے لیے نئے امکانات کھلیں گے۔