عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //وزیر اعظم نریندر مودی نے انڈیا انرجی ویک 2026 سے خطاب کے دوران ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان طے پانے والے فری ٹریڈ ایگریمنٹ کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان مضبوط شراکت داری کی علامت ہے اور اس کے اثرات طویل مدت میں ہندوستانی صنعت، توانائی کے شعبے اور عام شہریوں تک محسوس کیے جائیں گے۔ وزیر اعظم کے مطابق یہ سمجھوتہ ہندوستان کی مینوفیکچرنگ صلاحیت کو نئی رفتار دے گا اور سروس سیکٹر کے لیے وسیع مواقع پیدا کرے گا، جس سے روزگار کے نئے امکانات بھی سامنے آئیں گے۔خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہندوستان توانائی کے میدان میں ایک بڑی عالمی معیشت کے طور پر ابھر چکا ہے۔ قابل تجدید توانائی، تیل اور گیس کے شعبوں میں تیز رفتار ترقی نے ہندوستان کو بین الاقوامی سطح پر ایک مضبوط شراکت دار بنا دیا ہے۔ ان کے مطابق حالیہ برسوں میں کیے گئے معاشی اور ادارہ جاتی اصلاحات کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری کا ماحول بہتر ہوا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط ہوا ہے۔وزیر اعظم نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان فری ٹریڈ ایگریمنٹ، ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان پہلے سے موجود تجارتی سمجھوتے کو مزید تقویت دے گا۔ اس کے نتیجے میں یورپ کے ساتھ ہندوستان کا مجموعی تجارتی حجم بڑھے گا اور دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو نئی بلندی ملے گی۔ حکومت کا ماننا ہے کہ اس معاہدے سے سرمایہ کاری، روزگار اور تکنیکی تعاون کے دروازے مزید کھلیں گے۔ ہندوستان اور یوروپی یونین مل کر عالمی تجارت کا تقریباً پانچواں حصہ اور دنیا کی تقریباً 25 فیصد آبادی پر مشتمل ہے، جو اس شراکت داری کی بڑھتی ہوئی اقتصادی اور تزویراتی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ہندوستان اور یورپی یونین کے رہنما نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے اس معاہدے کا باضابطہ اعلان کیا۔ پی ایم مودی نے نوٹ کیا کہ یورپی یونین کے رہنما انتونیو کوسٹا کو لزبن کا گاندھی کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس سے پہلے پی ایم مودی نے کہا، “ہم نے دو ارب لوگوں کے لیے فری ٹریڈ زون بنایا ہے، جس سے دونوں فریقوں کو فائدہ پہنچے گا۔ ہم اپنی حکمت عملی کو مزید مضبوط کریں گے۔” پی ایم مودی نے مزید کہا کہ یہ مشترکہ خوشحالی کا خاکہ ہے اور اس سے استحکام کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ صرف تجارتی معاہدہ نہیں ہے۔ پی ایم مودی اور یورپی یونین کے دونوں رہنماؤں نے حیدرآباد ہاؤس میں وسیع بات چیت کی۔