پونچھ//رمضان المبارک کا آخری عشرہ جاری ہے، لوگ اپنے گھروں میں عبادت اور ریاضت میں مصروف ہیں اور اللہ سے یہی دعا کررہے ہیں کہ کورونا وبا جیسی جان لیوا بیماری کا اس دنیا سے مکمل خاتمہ ہو جائے اور ایک بار پھر زندگی کی گاڑی پٹری پر آجائے۔ کورونا کے قہر نے بہت سارے لوگوں کو بے روزگار بنا دیا ہے جس کی وجہ سے وہ لوگ پریشان ہیں ۔ اس مشکل گھڑی میں پونچھ کی غیر سرکاری تنظیم ہمدرد ہیومین ویلفیئر سوسائٹی جموں کشمیر کے رضا کار نوجوان ایسے افراد کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں ۔ تنظیم کے چیئر مین عباس ملک کی قیادت میں نوجوان کورونا میں غریبوں اور ضرورت مندوں کو ہر ممکن مدد پہنچا رہے ہیں۔تنظیم کی جانب سے اتوار کے روز نوجوانوں نے پونچھ ضلع کے دور دراز علاقہ سیڑھی چوہانہ، میدانہ، سیڑھی خواجہ ، ہرمی ڈھکی اور کلانی کے ضرورت مندوں کے گھروں پر پہنچ ان کو راشن کٹ فراہم کی تاکہ ان کی روز مرہ کی ضرورتیں پوری ہو سکیں اور انہیں بھوکا نہ سونا پڑے۔ واضح رہے کہ غیر سرکاری تنظیم ہمدرد ہیومین ویلفیئر سوسائٹی جموں کشمیر پچھلے سال لاک ڈاؤن سے ہی مستقل طور پر بلا تفریق مذہب و ملت فلاحی کاموں کو انجام دے رہی ہے ۔ تنظیم سے جڑے نوجوان مل کر متحد ہو کر خد مت خلق کر رہے ہیں۔اس حوال سے بات کرتے ہوئے تنظیم کے چیئر مین عباس ملک نے کہا کہ کوروناکی دوسری لہر نے بھی لوگوں کے کا روزگار چھینا ہے ،ایسے میں وہ افراد جن کی آمدنی کا کوئی ذریعہ نہیں ہے ان کی امداد کے لئے پونچھ کے کچھ مخئر حضرات کے مالی تعاون سے وہ لوگوں کی مدد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام مخئر حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے تنظیم کو مالی اتعاون کیا جس کے بعد وہ غرباء تک امداد پہنچا سکے ہیں انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ وہ یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔