سرینگر// حریت (ع) لیڈر ایڈوکیٹ شاہد الاسلام کی بیٹیوں نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے اپیل کی ہے کہ وہ انکے بیمار والد کو نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے رہا کریں۔شاہد کی دو بیٹیاں سوزین شاہ (18) اور سندس شاہ (14) نے وزیر داخلہ سے ایک خط کے ذریعے اپنے والد کی رہائی کے بارے میں اپیل کی ہے۔مکتوب میں کہا گیا ہے’’ہمارے پیارے والد ایڈوکیٹ آفتاب ہلالی عرف شاہد الاسلام جو 2017 سے نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں تھے ، پچھلے کچھ دنوں سے شدید علیل ہیں،وہ کورونا کا مثبت ہے اور ان کی حالت بدستور خراب ہے جبکہ وہ ذیابیطس سمیت دیگربیماریوں میں مبتلا ہے‘‘۔خط میں مزید کہا گیا ہے’’پچھلے ایک ہفتہ سے انہیں کسی نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے اور ہمارا ان سے کوئی رابطہ نہیں ہے، ہمیں یہ تک نہیں معلوم کہ وہ زندہ ہیں یا نہیں‘‘۔ انہوں نے کہا ہے کہ جموں کے ایک اسپتال میں نظر بند سیاسی لیڈر محمد اشرف صحرائی کی موت کے بعد انہیں اپنے پیارے والد کی صحت نے مزید پریشان کر دیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے’’جناب ، ہمارے والد کی مہلک وبائی بیماری میں مبتلا کو دیکھتے ہوئے ، ہم آپ سے عاجزانہ طور پر آپ سے خیر خواہی کی درخواست کرتے ہیں کہ وہ انہیں انسان دوست بنیادوں پر رہا کریں۔‘‘