محمد تسکین
بانہال // جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ پر ناچلانہ کے مقام پر پیر کی صبح ایک ٹرک حادثے کا شکار ہو گیا جس میں ڈرائیور کی موت واقع ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق ٹرک زیر نمبر JK02DU-9275 اسوقت حادثے کا شکار ہوا جب یہ شاہراہ سے نیچے کھائی میں گر گیا ۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فوج اور ہمالین کیو آر ٹی رامسو کے رضاکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائی شروع کی، تاہم ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ چکا تھا۔
متوفی کی شناخت محمد ظفر ولد محمد قاسم ساکن پامپور، کشمیر کے طور پر ہوئی ہے۔
ایس ایچ او بانہال عاشق حسین لون نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ متوفی کی لاش قانونی و طبی کارروائیوں کے لیے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال منتقل کر دی گئی ہے۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔