مینڈھر//ہرنی زون میں تعلیمی نظام کی صورتحال مایوس کن ہے ۔گو رنمنٹ ہائی سکول کیری کا نگڑہ جو ایک بڑی آبادی کا احاطہ کرتاہے ،میں نظام اس قدر بگڑ اہواہے کہ اساتذہ ڈیوٹی سے غیرحاضر رہتے ہیں اور طلباء دربدر ہیں ۔اس سکول میں دو پنچایتوں سے تعلق رکھنے والے 200کے لگ بھگ طلبا ء زیر تعلیم ہیں لیکن ان کی پڑھائی اطمینان بخش طریقہ سے نہیں ہورہی ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ سکول میں تعینات کئی اساتذہ ڈیو ٹی پر نہیں آتے اور نہ ہی محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسر ان ان سے پوچھ تاچھ کرتے ہیں ۔انہوںنے محکمہ کے اعلیٰ افسر ان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گز شتہ مہینو ں ہوئی تعیناتیوںمیں بھی سکول کے ساتھ نا انصافی کی گئی اور یہاںسے بی ایڈ اور ایم اے ڈگری یافتہ اساتذہ کوتبدیل کرکے ان کی جگہ بارہویں پاس والے اساتذہ تعینات کئے گئے ۔انہوںنے الزام لگایاکہ کئی اساتذہ باری باری ڈیوٹی دیتے ہیں جس سے بچوں کا مستقبل تاریک نظر آرہاہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ سکول ایسی جگہ پر واقع ہے جہاں پرائیویٹ تعلیمی ادارے بھی نہیں ہیں لہٰذا لوگ مجبوراًبچوں کو اسی سکول میں داخل کراتے ہیں ۔اس علاقے میں لڑکیوں کیلئے علیحدہ بھی کوئی سکول نہیں ہے ۔مقامی لوگوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ سکول میں تعلیم یافتہ اور قابل اساتذہ تعینات کئے جائیں اورڈیوٹی کے تئیں لاپرواہی برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔