منجاکوٹ//منجاکوٹ کے گھمبیر مغلاں علاقے کو جانے والی سڑک خستہ حالی کاشکار ہوئی ہے جس پر مقامی لوگ محکمہ کے خلاف برہم ہیں۔اس سڑک پر گاڑیوں کا چلنا کسی خطرہ سے کم نہیں اورکسی بھی وقت حادثہ پیش آسکتا ہے۔سڑک اس قدر تنگ ہے کہ گاڑیوں کی کراسنگ بھی نہیں ہوسکتی تاہم متعلقہ حکام کی طرف سے اس کی مرمت نہیں کی جارہی۔روڈ میں کئی جگہوں پر بڑے بڑے کھڈے بنے ہوئے ہیں اور محکمہ کی عدم توجہی کے باعث کئی مقامات پر پسیاں اور پتھر گر آئے ہیں جو کسی گاڑی سے ٹکراکر حادثے کا موجب بن سکتے ہیں۔لوگوں نے الزام لگایا کہ جب بھی اس سڑک کے نام پر پیسے کی منظوری دی جاتی ہے تو محکمہ پیسے ہڑپنے کے لیئے تھوڑا سا کام کروا دیتا ہیمگر وہیں کچھ عرصہ کے بعد اس سڑک کی حالت بد سے بدتر ہو جاتی ہے۔لوگوں نے کہا کہ انہیں اس سڑک پر سفر کرتے ہوئے جان کا خطرہ رہتاہے اور اس پر سفر کرنے والے طلبااور دیگر لوگوں کو روزانہ ہی مشکلات درپیش رہتی ہیں۔ان کاکہناہے کہ سڑک کی خراب حالت کی وجہ سے آدھیگھنٹے کا سفر دو گھنٹوں میں بھی طے نہیں ہوتا۔ان کاکہناہے کہ حکام کو اس علاقے کے لوگوں کی کوئی فکر نہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔