گول//سب ڈویژن گول میں پینے کے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لئے مختلف مقامات پر سرکار کی جانب سے اسکیموں کو عملانے کا کام شروع ہو گیا ہے ۔ اس کی ایک کڑی کے تحت گگر سولہ علاقے میں ڈ ی ڈی سی چیئرپرسن ضلع رام بن ڈاکٹر شمشادہ شان نے ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے کی لاگت سے بننے والے پروجیکٹ ’’لنگوشنگ ‘‘اسکیم کا افتتاح کیا ۔ اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ ہر اسکیم کو زمینی سطح پر لاگو کیا جائے گا اور اس کا فائدہ براہ راست غریب عوام کو ہو گا ۔ انہوں نے اس موقعہ پر کہا کہ گول سب ڈویژن میں بہت سارے ایسے علاقے ہیں جہاں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے اور ریلوے لائن آنے کی وجہ سے سنگلدان ، داڑم ، اندھ، چھچھواہ وغیرہ علاقوں میں قدرتی چشمے بھی سوکھ گئے ہیں اور سرکار نے اب اس طرح کی اسکیموں کو لایا ہے تا کہ دور دراز علاقوں میں جہاں پر پینے کے پانی کی شدید قلت ہے وہاں پر لوگوں کا ان اسکیموں کا فائدہ مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ بھی بہت ساری اسکیمیں سرکار کے پاس ہیں جنہیں وقفے وقفے سے سرکار لاگو کر رہی ہے اور لوگوں کو چاہئے کہ وہ سرکار کی جانب سے دی جانے والی ہر اسکیم کا فائدہ حاصل کریں ۔