محمد تسکین
بانہال// امرناتھ یاترا 2026 کے پہلے قافلے کا ضلع رامبن کے چندرکوٹ اور بانہال میںپرتپاک استقبال کیا گیا جہاں ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان اور ڈی آئی جی کی قیادت میں پوری انتظامیہ موجود تھی ۔ پہلا یاترا قافلہ ضلع رام بن میں داخل ہوتے ہی چندرکوٹ رام بن اور بانہال کے لامبر گراؤنڈ سمیت مختلف مقامات پر مقامی لوگوں، سماجی تنظیموں، لنگر کمیٹیوں اور انتظامیہ کی جانب سے یاتریوں کا گرمجوشی سے استقبال کیا گیا۔ عقیدت مندوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ متعدد مقامات پر ریفریشمنٹ، چائے، پانی اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان ، ڈی آئی جی شرگن شکلا ، ایس ایس پی رام بن ارون گپتاو دیگر افسران موجود تھے چندرکوٹ رام بن اور لامبر گراؤنڈ بانہال میں قائم لنگروں پر سینکڑوں افراد نے یاتریوں کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے یکجہتی، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام دیتے ہوئے یاتریوں کو خوش آمدید کہا۔ مقامی رضاکاروں اور لنگر منتظمین نے یاتریوں کی خدمت کے لیے خصوصی انتظامات کر رکھے ہیں۔ادھر یاترا کے پیش نظر قومی شاہراہ اور یاترا کے دونوں راستوں پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ جموں و کشمیر پولیس، فوج ، سی آر پی ایف، دیگر نیم فوجی دستوں اور سول انتظامیہ کے اہلکار اہم مقامات پر تعینات ہیں تاکہ یاترا کو پرامن اور محفوظ بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ طبی امداد، ایمبولینس سروس، ہنگامی ریسپانس ٹیموں، رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔