عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری، ابھیشیک شرما نے گڈ گورننس ویک کے تحت جاری ’پرشاسن گاؤں کی اورے‘ مہم کے دوران ضلع راجوری کے دور افتادہ علاقے کنڈی، خواص میں منعقدہ شکایات کے ازالے کے کیمپ کی صدارت کی۔ اس کیمپ کا مقصد دیہی اور سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے مسائل کو براہ راست سننا اور ان کے فوری حل کو یقینی بنانا تھا۔کیمپ کے دوران مقامی عوام نے سڑک رابطہ بہتر بنانے، بعض علاقوں میں بجلی کے پول نصب کرنے، پینے کے پانی کی اسکیموں کی بہتری، صحت سہولیات کی دستیابی اور دیگر شہری مسائل سے متعلق شکایات پیش کیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام کی بات نہایت تحمل سے سنی اور متعلقہ محکموں کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں کہ تمام جائز شکایات کا مقررہ وقت کے اندر ازالہ کیا جائے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی سی نے کہا کہ ’پرشاسن گاؤں کی اورے‘ مہم کا بنیادی مقصد انتظامیہ کو عوام کی دہلیز تک لے جانا ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں سہولیات کی کمی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شفاف، جوابدہ اور عوام دوست طرزِ حکمرانی ضلع انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ڈی سی نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں اور عوامی مسائل کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے مقررہ مدت میں حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد بحال کرنا اور بنیادی سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنانا ہی گڈ گورننس کا اصل مقصد ہے۔واضح رہے کہ ضلع راجوری کے دیگر بلاکس میں بھی اسی نوعیت کے شکایات ازالہ کیمپ منعقد کیے گئے، جن میں نیابت آفس اوجھان، کمیونٹی ہال ایم سی کالاکوٹ، پنچایت گھر کلسیان، بی ایچ ایس ایس تھنہ منڈی، ٹی آر سی شادرا، گاؤں پروڑی اور پنچایت گھر ڈھوک بنیاد، بیری پٹن شامل ہیں۔