سرینگر//جموں و کشمیر کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کرنے اور آگے بڑھنے کے حوالے سے وسیع تر مشاورت کیلئے گپکار الائنس کا اجلاس منگل کو ہوگا۔الائنس چھ مرکزی دھارے کی سیاسی جماعتوں کا اتحاد ہے جو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کے لیے کوشاں ہے جسے مرکز نے اگست 2019 میں منسوخ کر دیا تھا۔ یہ میٹنگ اتحاد کے چیئرمین فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ گپکار میں صبح 11 بجے ہوگی۔ ایک لیڈر نے کہا ، "یہ میٹنگ پہلے اجلاسوں سے مختلف ہوگی،اس بار نہ صرف اعلی قیادت بلکہ دوسرے درجے کے لیڈروں کو بھی مشاورت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ یہ اتحادی جماعتوں پر چھوڑ دیا گیا ہے کہ وہ اجلاس کے لیے پارٹی رہنماں کا انتخاب کریں۔انہوں نے کہا ، "شرکا وادی کی ہر ایک علاقے سے ہونگے اور توقع ہے کہ تقریباً150سے 200کے قریب لیڈر اجلاس میں حصہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے بلایا گیا ہے اور "مختلف امور پر وسیع تر مشاورت کی جائیگی۔