عظمیٰ ویب ڈیسک
کٹھوعہ/ضلع کٹھوعہ کے سمبلی علاقے میں بدھ کے روز ایک افسوسناک سڑک حادثے میں یاتریوں سے بھری ایک منی بس گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 23 افراد زخمی ہوگئے، جن میں دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق منی بس شُکرالا ماتا کی جانب جا رہی تھی کہ سمبلی کے مقام پر ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا، جس کے باعث بس سڑک سے پھسل کر کھائی میں جا گری۔
حادثے کے فوراً بعد پولیس، سول انتظامیہ اور مقامی لوگوں نے مشترکہ طور پر امدادی کارروائی شروع کی اور زخمیوں کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ زخمی ہونے والے 23 افراد میں سے دو کی حالت نازک ہے اور ڈاکٹروں کی خصوصی نگرانی میں ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔
ادھر پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
کٹھوعہ میں یاتریوں سے بھری منی بس کھائی میں جا گری، 23 زخمی، دو کی حالت تشویشناک