سرینگر//جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن کی وکالت کرنے والے گپکار الائنس نامی مین اسٹریم سیاسی پارٹیوں کے اتحاد نے منگل کو فیصلہ کیا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں ہونے والی کل جماعتی میٹنگ میں شرکت کرے گا۔
یہ اہم فیصلہ الائنس کی ایک میٹنگ کے دوران لیاگیا جو اتحاد کے سربراہ اور نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبد اللہ کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی اور جس میں الائنس کے سبھی نمائندوں نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران نئی دلی کی طرف سے ملنے والی دعوت پر مفصل غور کرکے فیصلہ لیا گیا کہ الائنس کے لیڈران کل جماعتی میٹنگ میں شامل ہوکراپنا مطالبہ پیش کریں گے۔
نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق میٹنگ کے اختتام پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے فاروق نے کہا کہ جن لیڈروں کو کل جماعتی میٹنگ میں شمولیت کی دعوت ملی ہے وہ سب اس میں شامل ہونگے۔
الائنس کے ترجمان یوسف تاریگامی کا کہنا تھا”ہم مل کر عوامی خواہشات کی نمائندگی کریں گے اور اُس کا مطالبہ کریں گے جو ہمارا تھا“۔
اس موقع پر پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ کل جماعتی میٹنگ کے دوران قیدیوں کی رہائی اوراُن کی سرینگر منتقلی پر بھی زور دیا جائے گا۔
الائنس کے ایک اور لیڈر مظفر شاہ کا کہنا تھا” دفعہ370اوردفعہ35Aکو لیکر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا“۔
گپکار الائنس نامی فورم کا قیام گذشتہ برس عمل میں لایا گیا تھا جس کا مطالبہ ہے کہ جموں کشمیر کی خصوصی آئینی پوزیشن بحال کی جائے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں جموں کشمیر سے متعلق کل جماعتی میٹنگ24جون کو نئی دلی میںطے ہے اور اس میں14مین اسٹریم سیاسی لیڈران کو شمولیت کی دعوت دی گئی ہے۔