گول//ضلع رام بن کے گول میں بائی پاس سڑک و دیگر سڑکوں کی حالت نہایت ہی ابتر ہونے کی وجہ سے جہاں مقامی لوگوں کو شدید پریشانیوں سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے وہیں گاڑیو ں کو بھی چلنے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ گول بائی پاس روڈ کی حالت ابتر سے مقامی لوگ کافی پریشان ہیں کیونکہ سڑک کے بر لب نجی تعمیرات کے دوران سڑکوں کی حالت مشینوں سے کافی خستہ ہوئی ہے وہیں گزشتہ سال اسی سڑک پر میکڈم ڈالاگیا تھا اور اس سڑک پر ناقص میٹریل کا استعمال ہوا تھا جس وجہ سے چھ ماہ کے اندر ہی سڑک کی حالت ابتر ہوئی ہے ۔ دو دو فٹ کے کھڈے ہوئے ہیں وہیں ساتھ ساتھ تعمیرات کے دوران جے سی بی مشین لگانے سے سڑک اُکھڑ گئی ہے لیکن اس کے با وجود انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ محکمہ تعمیرات عامہ کے زیر سپرد گول بائی پاس روڈ کے ملحقہ جات مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کے کنارے پر بہت ساری جگہوں پر نجی تعمیر ہوئی ہے جہاں ایک طرف سے یہ تعمیر سڑک کے حدود میں ہے وہیں دوسری جانب اس تعمیر کی وجہ سے سڑک کی حالت ابتر ہوئی ہے کیونکہ تعمیر کے دوران لوگوں نے جے سی بی مشینیں اراضی کی کٹائی کے لئے لگائی ہیں لیکن انہوں نے اراضی کے ساتھ ساتھ سڑک کی بھی کٹائی کی جس وجہ سے سڑک کی نالیوں کے علاوہ سڑک کی حالت بی نہایت ابتر ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ محکمہ تعمیرات عامہ و مقامی انتظامیہ ہر روز اس سارے تماشے سے واقف ہیں اور خود اس کا نظارہ کرتے ہیں لیکن اس کے با وجود جہاں غیر قانونی تعمیرات کو روکنے میں ناکام ہو چکی ہے وہیں اس سڑک کی رکھ رکھائو کے لئے بھی محکمہ تعمیرات عامہ ناکام ہو چکا ہے ۔ مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گول بائی پاس علاقہ سڑک کا دورہ کر کے اس کا جائزہ لیں اور قصور واروں کے خلاف کاروائی کی جائے ساتھ ساتھ گول سلبلہ و داچھن گلی سے زیرو موڑ تک سڑکوں کی حالت بھی نہایت ہی خستہ ہے جس کی طرف محکمہ تعمیرات عامہ کوئی توجہ نہیں دیتا ہے ۔