عاصف بٹ
کشتواڑ //ضلع انتظامیہ نے غیر قانونی کان کنی کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا۔ اس مشترکہ کارروائی کی قیادت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر کشتواڑ ونود کمار بہنال و ڈسٹرکٹ منرل آفیسر وریندر دیو نے کی۔ یہ کارروائی کشتواڑ۔پاڈر روڈ کے اطراف انجام دی گئی، جہاں غیر قانونی کان کنی، سڑک کنارے معدنیات کے غیر مجاز ذخائر اور بغیر درست ای۔چالان اور وہیکل ٹریکنگ ڈیوائس کے معدنیات کی نقل و حمل کی جانچ کی گئی۔ ٹیم نے دن بھر جاری رہنے والی اس مہم کے دوران متعدد گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی اور ای-چالان کی تصدیق کے ساتھ جی پی ایس ٹریکنگ نظام کا بھی جائزہ لیا۔ معائنہ کے دوران رجسٹریشن نمبر JK17A-9410والی ایک گاڑی کو تقریباً 25 میٹرک ٹن کرشنگ اسٹون بغیر درست ای-چالان کے لے جاتے ہوئے پایا گیا۔ گاڑی کو فوری طور پر ضبط کرکے پولیس پوسٹ پڈیارنا کے حوالے کر دیا گیا۔ خلاف ورزی کرنے والے پر 22,312.50روپے (بشمول 2فیصد ٹی سی ایس کا جرمانہ عائد کیا گیا۔اس کے علاوہ اٹھولی کے علاقے میں غیر قانونی طور پر جمع کیے گئے معدنیات کے ڈھیروں کو بھی ضبط کیا گیا، جن میں تقریباً 1,050میٹرک ٹن ریت اور 500میٹرک ٹن آر بی ایم شامل ہیں۔ ان ڈھیروں پر مجموعی طور پر 4,85,775روپے
بشمول 2فیصدٹی سی ایس کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس کریک ڈاؤن کے دوران مجموعی طور پر 5,08,087.50روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ ضبط شدہ معدنیات کی تحویل کے لیے رسیدیں ایس ایچ او پاڈر کے حوالے کی گئیں۔