سرینگر/سکولی تعلیم ،حج و اوقاف اور قبائلی امور کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ حکومت نے ریاست بھر میں گوجر و بکروال ہوسٹلوں میں نشستوں کی تعداد میں500 کا اضافہ کیا ہے۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار یہاں قبائلی امور محکمہ کی ایک جائیزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ان ہوسٹلوں میں2100 طُلاب رہائش پذیر تھے اور یہ تعداد اب2600 تک پہنچ گئی ہے۔ذوالفقار علی نے کہا کہ حکومت اگلے مالی سال کے دوران اس تعداد کو پانچ ہزار تک لے جانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے19 ہوسٹل زیر تعمیر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں موجود23 گوجر و بکروال ہوسٹلوں کو رہائشی سکولی میں تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان سکولوں کو ماڈل سکول بنانے کے لئے ایس ایس اے کے تحت سہولیات بہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اکلویو رہائشی سکولوں کو جلد از جلد چالو کیا جانا چاہئے۔وائس چیئرمین جے اینڈ کے سٹیٹ ایڈوائزری بورڈ برائے بہبودی گوجر و بکروال گلزار احمد کھٹانہ، سیکرٹری قبائلی امور سلمیٰ حمید اور کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔