پونچھ //اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز سب دفتر راجوری کے زیر اہتمام گورنمنٹ گوجر ہوسٹل راجوری میں گوجری شاعر رانا فضل حسین کے اعزاز میں ایک ادبی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں خطہ پیرپنچال کے معروف گوجری شاعر وںاور ادیبوں اور موسیقی کاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔واضح رہے کہ رانا فضل حسین راجوری کے پروڑی گاؤں کے رہنے والے ہیں جو ملک کی تقسیم کے دوران پاکستانی زیر انتظام کشمیر ہجرت کر گئے تھے۔ آپ ایک ادیب وشاعر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک انقلابی شخصیت ہیں جنہوں نے ہندوپاک دونوں ممالک میں اپنی اچھی پہچان بنائی ہے۔گوجری اداب کے لئے ناقابل مراموش خدمات پرانھیں بابائے گوجری کے خطاب سے بھی جانا جاتاہے۔کلچرل اکیڈمی کی زیر اہتمام اس ادبی نشست کے دوران معروف ادیب پروفیسر ڈاکٹر ایم کے وقار نے موصوف کی زندگی پر ایک مفصل مقالہ پیش کیا جبکہ اس دوران مقامی گلوکاروں نے محفل موسیقی بھی سجائی۔ معروف گلوکار پرویز ملک نے رانا فضل کے لکھے ہوئے گیتوں کو اپنی سریلی آواز میں پیش کر کے خوب داد و تحسین حاصل کی۔خصوصی افسر برائے تمدنی سرگرمی پرویز اختر نے اس تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کی اور کہا کہ انھیں فخر ہے کہ وہ گوجری ادب کے گوہر نایاب کے اعزاز میں یہ ادبی نشست منعقد کر سکے ہیں۔ اس موقعہ پر وارڈن گوجر ہوسٹل راجوری چوہدری محمد اعظم، ڈاکٹر عبدالحق نعیمی، پروفیسر جہانگیر اصغر، ریاض الحق ، چوہدری عبدالکریم،اشفاق میر، عبدالرزاق، مختار احمد، امجد منہاس، شکیل احمد، رشید حسین موجود تھے