عظمیٰ نیوزسروس
جموں// جموں و کشمیر حکومت نے جمعہ کے روز بتایا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران یونین ٹیریٹری میں 1,876آتشزدگی کے واقعات پیش آئے ہیں، جبکہ متاثرین کو تقریباً 18کروڑ روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی ہے۔اسمبلی اجلاس کے دوران نیشنل کانفرنس کے رکن اسمبلی علی محمد ساگرکے سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہ’’گزشتہ تین سال میں جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 1,876آتشزدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں‘‘۔عمر عبداللہ،جو محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریلیف، بحالی اور تعمیر نو کے بھی انچارج ہیں، نے بتایا کہ اس دوران اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ کے تحت مقررہ اصولوں کے مطابق متاثرین کو 1,799.09 لاکھ روپے کی امداد فراہم کی گئی۔انہوں نے کہا کہ یہ امداد ان متاثرین کو دی گئی جن کے مکانات یا املاک آتشزدگی میں تباہ ہوئے، اور یہ تمام ادائیگیاں طے شدہ رہنما اصولوں کے تحت کی گئیں۔مزید برآں، انہوں نے واضح کیا کہ آگ سمیت تسلیم شدہ قدرتی آفات کے متاثرین کو امداد کی فراہمی آئندہ بھی 2022 سے 2026 تک کے لیے اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ کے تحت ملک گیر یکساں اصولوں کے مطابق جاری رہے گی۔معاوضے کی مقدار اور بڑھتی ہوئی تعمیراتی لاگت سے متعلق خدشات پر عمر عبداللہ نے کہا کہ امدادی اصولوں میں کسی بھی قسم کی ترمیم کا اختیار حکومت ہند کے پاس ہے، کیونکہ موجودہ نظام پورے ملک میں یکساں طور پر نافذ ہے۔
………………..