سرنکوٹ // گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائر سکنڈری سکول سرنکوٹ کے کمروں کی یہ حالت ہے کہ بارش ہونے پر پانی ٹپک آتاہے جس سے طالبات کی تعلیم بری طرح سے متاثر ہورہی ہے ۔رواں برساتی موسم کے دوران کئی مرتبہ پانی کمروں میں آن ٹپکا جس کی وجہ سے طالبات کو پریشان ہوناپڑا۔ مقامی شہری محمد لطیف نے بتایا کہ پانی ٹپکنے کی وجہ سے طالبات کو پریشان ہوناپڑرہاہے لہٰذا کمروں کو محفوظ بنایاجائے تاکہ ان کی تعلیم متاثر نہ ہونے پائے۔اسکول کے پرنسپل افتخار حسین کاکہناہے کہ ادارے میں 550 طالبات زیر تعلیم ہیںلیکن اسکول میں جگہ بہت کم ہے جس وجہ سے پریشانی آرہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ بورڈ میٹنگ پونچھ میں یہ طے پایاگیاتھاکہ محکمہ بجلی کے زیر قبضہ زمین کو خالی کرکے سکول کے حوالے کیاجائے گالیکن لیکن اس پر عمل نہیں ہوا۔انہوںنے مزید بتایاکہ سکول میں تدریسی عملے کی بھی قلت ہے اور اس وقت ماسٹر گریڈ کی پانچ اسامیاں خالی ہیں۔ان کے مطابق لیبارٹری اسسٹنٹ کی 2،جونیئر اسسٹنٹ اور اکائونٹ اسسٹنٹ کی اسامی بھی خالی پڑی ہے ۔پرنسپل نے کہاکہ کوچنگ مراکز طلباء کے مستقبل کو برباد کررہے ہیں اس لئے والدین سے اپیل ہے کہ وہ ان کو سکول بھیجیں نہ کہ کوچنگ مراکز ۔