راجوری // راجوری کے کھیورہ کے پاور ہائوس محلہ میں پچھلے 15 روز سے پینے کے پانی کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف احتجاج کیا جس دوران راجوری تھنہ منڈی سڑک دو گھنٹے تک ٹریفک کیلئے بند رہی ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ محکمہ پی ایچ ای کو کئی بار مطلع کرنے کے باوجود پانی کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایاگیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔انہوںنے الزام لگایاکہ محکمہ کے لائن مین اپنے اور رشتہ داروں کے گھروں میں تو پانی متواتر سپلائی کررہے ہیں لیکن دیگر لوگوں کو نظرانداز کیاجارہاہے ۔اس دوران دوگھنٹوں تک راجوری تھنہ منڈی روڈ پر گاڑیوںکی نقل وحرکت مسدود رہی جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم نے موقعہ پر پہنچ کر مظاہرین کو اعتماد میں لیا اور یقین دلایا کہ پانی کی فراہمی کو جلد ہی یقینی بنایا جائے گا۔پولیس نے یہ بھی کہاکہ اگر کوئی اس معاملے میں لاپرواہ پایاگیاتو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔