مشتاق الاسلام
پلوامہ //کھریو پانپور میں واقع آرکو سیمنٹ فیکٹری کے ملازمین گزشتہ سات روز سے اپنی اجرتوں اور تنخواہوں میں مبینہ تفاوت کے خلاف مسلسل احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شدید بارش کے باوجود کل بھی احتجاجی مزدوروں نے اپنا دھرنا جاری رکھا اور انتظامیہ کے خلاف شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔
احتجاجی مزدوروں کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ ایک ہفتے سے اپنے جائز مطالبات کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں، لیکن اب تک نہ فیکٹری انتظامیہ نے ان کے مسائل کا ازالہ کیا ہے اور نہ ہی متعلقہ حکام نے کوئی سنجیدہ نوٹس لیا ہے۔ مزدوروں کے مطابق انہیں بروقت اجرتیں نہیں دی جا رہیں جبکہ تنخواہوں میں تفاوت نے ان کی معاشی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ فیکٹری میں مزدوروں کے بنیادی حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔ دریں اثنا،بی جے پی رہنما محمد لطیف بٹ نے احتجاجی مزدوروں کے درمیان پہنچ کر ان سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام اور فیکٹری انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کے جائز مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کرتے ہوئے ان کے مسائل حل کیے جائیں تاکہ انہیں مزید احتجاج پر مجبور نہ ہونا پڑے۔