مینڈھر//طوفانی بارشوں سے سب ڈویژن مینڈھر میں لوگوں کو کئی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور بیشتر کچی سڑکیں گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند ہوگئی ہیں ۔پیدل سفر کرنے پر مجبور مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر اقدامات کرکے سڑکوں پر ٹریفک کا سلسلہ بحال کیاجائے تاکہ وہ آسانی سے سفر کرسکیں ۔مینڈھر میں زیادہ تر سڑکیں کچی ہیں جن پر تارکول بھی نہیں بچھایاگیا۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ کچھ سڑکیں ایسی ہیں جن پر دوسرے مرحلے کا کام چل رہا ہے لیکن جب بارش ہوتی ہے تو ان سڑکوں پر گاڑیوں کا چلنا مشکل ہو جاتا ہے کیونکہ محکمہ نے بجری کے اوپر مٹی ڈالی ہوتی ہے جس سے پھسلن ہوجاتاہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بارشوں کے موسم میں ان کو کئی کلو میٹر سفر پیدل طے کرنا پڑتا ہے اور سامان بھی کاندھوں پر اٹھا کر لے جانا پڑتا ہے۔اس سلسلہ میں اے ای ای مینڈھر نے بتایاکہ زیادہ تر سڑکیں مکمل نہیں اور بارش ہو جانے کی وجہ سے ان پر گاڑیوں کا چلنا مشکل ہو جاتا ہے کیونکہ بہت ساری ایسی سڑکیں ہیں جن پر دوسرے مرحلے کاکام چل رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تک کسی سڑک پر بھی پسی آنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی البتہ اگر کہیں چھوٹی موٹی پسیاں ہوں گی تو وہ جلد ملبہ ہٹادیں گے تاکہ بارش کا سلسلہ رکتے ہی گاڑیوں کی آمدورفت بحال کی جاسکے ۔مینڈھر کے کئی علاقوں کے لوگوں نے بتایاکہ بارش کے دنوں میں بجلی بھی دستیاب نہیں ہوتی جس سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہوجاتاہے۔