نگروٹہ//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدردیوندر سنگھ رانا نے اسمبلی حلقہ نگروٹہ میں فصلوں کی زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے کسانوں کو آبپاشی کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔پرگالتا پنچایت میں کپرُلفٹ ایری گیشن سکیم کی جدیدیت اور اسے اپ گریڈ کرنے کے موقعہ پر موجود افسروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے رانا نے کہا کہ اس سہولت کی بدو لت علاقہ کپر اور اس کے گرد نواح کے علاقوں خصوصی طور پر بائیں و بجالتہ میں زائد از 5000ہیکٹر زمین کو آبپاشی کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔اس پروجیکٹ کی جدیدیت و اپ گریڈیشن پر 2کروڑ 97لاکھ روپے کی رقم خرچ ہو گی۔رانا نے اس پرجیکٹ کی عمل آوری سے وابستہ ایجنسی سے کہا کہ وہ اس پروجیکٹ کو معیاد بند وقت کے اندر مکمل کرے تاکہ کسانوں کو بغیر کسی تاخیر کے بہتر آبپاشی کی سہولیات دستیاب ہو سکیں۔ اس موقعہ پر موجود لوگوں نے رانا کو اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا ۔ رانا نے عوام کو توجہ سے سنا اور پیش کئے گئے مسائل کو حل کرنے کا یقین دلایا۔